جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداروں کی برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل، برطانوی وزرا اور ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں

لندن(صباح نیوز)جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداروں کی برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل، برطانوی وزرا اور ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں۔  جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے راہنما ں نے نو منتخب ڈپٹی سپیکر جوڈتھ کمنز، وزرا جم میکمان، اینڈریو گوئن، الیکس ڈورس اور دیگر ممبران برطانوی پارلیمنٹ کو جہاں ممبر برطانوی پارلیمنٹ منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی وہیں انہیں وزارتوں کا قلمدان سنبھالنے پر بھی مبارک باد دی۔

جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل اگلے دومہینوں میں برطانیہ کے مختلف شہروں میں منعقد ہونے والی تقریبات اور قومی دنوں کے حوالوں سے منعقد ہونے والی تقریبات میں برطانیہ کی سیاسی جماعتوں کے راہنماوں، برطانوی ممبران پارلیمنٹ اور وزرا کو شرکت کی دعوت دے گی۔ پانچ اگست 2024 کو مانچسٹر اور بعد ازاں شیفیلڈ، ناٹنگھم، برمنگھم، سٹوک آن ٹرینٹ اور دیگر شہروں میں بھی کشمیر سیمینارز منعقد کئے جائیں گے۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداروں نے 25 جولائی کا دن بھی برطانوی ممبران پارلیمنٹ اور وزرا کے ساتھ ملاقاتوں میں گزارا۔ پاکستانی ہائی کمشن لندن میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کے ساتھ خصوصی ملاقات کر کے تحریکی عہدیداروں راجہ نجابت حسین ستارہ پاکستان، ذیشان عارف اور تیمور شفیق نے جہاں ہائی کمشنر کو مانچسٹر، لیور پول اور لندن کے پروگراموں میں شرکت کی دعوت دی وہیں انہیں برطانوی پارلیمنٹ کے عام انتخابات کے دوران کشمیر کیمپین کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کے ہر شہر میں، ہر اس حلقے میں جہاں پاکستانی اور کشمیری عوام آباد ہیں ہم نے ان علاقوں میں کشمیری عوام کا کیس پیش کیا، مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں عوام کو آگاہ کرتے رہے اور برطانوی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو اپنا ہمنوا بنانے کے لئے کمیونٹی کو موبلائز کیا تا کہ جب امیدواران انتخابات جیت جائیں تو وہ سب برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر حل کروانے کے لئے اپنی اپنی آوازیں بلند کر سکیں۔

جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین اور انٹرنیشنل لابی آن کشمیر کی چیئر پرسن کونسلر یاسمین ڈار نے مشترکہ طور پر پاکستانی ہائی کمشنر کوتحریری خط بھی پیش کیاجس میں تحریک کی ماضی قریب کی سرگرمیوں کا ذکر بھی کیا گیا اور مستقبل میں برطانیہ بھر میں ہونے والی سرگرمیوں اور دیگر ممالک کے دارالحکومتوں میں ہونے والی کشمیر سرگرمیوں کے حوالہ سے بھی آگاہ کیا گیا۔   ہماری موثر کیمپیئن اور لابی کا نتیجہ یہ ہے کہ لیبر پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئی اور برطانوی پارلیمنٹ میں سو سے زائد ہمارے ہمنوا اور دوست ممبران برطانوی پارلیمنٹ منتخب ہو چکے ہیں اور اگلے دو مہینوں میں ہم ان ممبران کو ان کے حلقوں میں، برطانوی پارلیمنٹ کے اندر اور دیگر شہروں میں جا کر باقاعدگی سے ملتے رہیں گے اور اس بات پر قائل کریں گے کہ وہ نئی منتخب شدہ پارلیمنٹ میں کشمیر کے حوالہ سے اپنا موثر کردار اد اکریں۔ اس سلسلہ میں ڈیبی ابراھمز چیئر پرسن آل پارٹیز پارلیمنٹری کشمیر گروپ کی قیادت اور سرپرستی میں برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر ڈیبیٹ بھی منعقد کروائی جائے گی اور برطانیہ بھر میں کشمیر دستخطی پیٹیشن مہم بھی چلائی جائے گی اور ایک لاکھ دستخط حاصل کئے جائیں گے اور برطانوی پارلیمنٹ میں بیک بینچ بزنس کمیٹی کے زریعے برطانوی حکومت سے مطالبات بھی کئے جائیں گے اور اس بات کی بھرپور کوشش بھی کی جائے گی کہ تمام تنظیمیں، تمام کشمیر دوست ممبران پارلیمنٹ، لارڈ میئر ز، میئرز اور کونسلرز جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے مشن میں معاونت کریں تا کہ ہم اپنی اس تحریک کو موثر طریقے سے برطانوی حکومت تک پہنچا سکیں اور برطانوی حکومت کے زریعے بھارت پر دباو ڈلو اسکیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے، کشمیری راہنماں کو رہا کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کا ان کا حق خود ارادیت دے۔ اسی سلسلہ میں بریڈ فورڈ ساوتھ سے نو منتخب ممبر پارلیمنٹ و ڈپٹی سپیکر جوڈتھ کمنز کے ساتھ تحریکی عہدیداروں جن میں راجہ نجابت حسین، ذیشان عارف اور برمنگھم کے ممبر پارلیمنٹ طاہر علی ملاقات کر کے جہاں انہیں مبار ک باد دی وہیں انہیں دعوت بھی دی کہ وہ ماضی میں بھی مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے بہت ہمدرد رہی ہیں، ہمیشہ ہماری بھرپور سپورٹ بھی کی ہے اور آزادجموں وکشمیر کا دورہ بھی کر چکی ہیں اس لئے توقع ہے کہ وہ نئی برطانوی پارلیمنٹ میں جہاں اپنا ایک سیاسی کردار ادا کریں گی وہیں کشمیریوں کی بھرپور نمائندگی بھی کریں گی۔ تحریکی عہدیداروں نے ناٹنگھم نارتھ سے منتخب ہونے والے ممبر برطانوی پارلیمنٹ الیک ڈورس، اولڈھم ویسٹ سے ممبر پارلیمنٹ جم میکمان اور مانچسٹر کے ممبر برطانوی پارلیمنٹ اینڈریو گوئن کو ممبربرطانوی پارلیمنٹ منتخب ہونے اور برطانوی حکومت میں وزارتوں کا قلمدان سنبھالنے پر جہاں مبارک باد پیش کی وہیں انہیں کشمیریوں کے لئے کی گئی خدمات کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے ماضی میں بھی مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے کشمیریوں کی بھرپور سپورٹ کی ہے کشمیر کے حوالہ سے اپنا نقط نظر برطانوی حکومت اور پارلیمنٹ میں اجاگر کر تے رہے ہیں اور اب ان سے توقع ہے کہ وہ برطانوی وزیر اعظم، برطانوی وزیر خارجہ اور اپنی کابینہ کے دیگر اراکین کے ساتھ مل کر کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم بند کروانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے اور اسی طرح برطانیہ میں قائم ہونے والی لیبر پارٹی کی نئی حکومت سے بھی توقع ہے کہ وہ کشمیریوں، پاکستانیوں اور مقامی کمیونٹی کے مسائل حل کروانے میں بھی معاونت کرے گی۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل برطانیہ کی چیئر پرسن کونسلر نائلہ شریف اور انٹرنیشنل لابی آن کشمیر کے چیئر پرسن کونسلر یاسمین ڈار نے لیبر پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ خصوصی ملاقات کی جس میں بیس اراکین پارلیمنٹ موجود تھے۔ دونوں راہنماں نے ممبران پارلیمنٹ کو مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے، فلسطین کے حوالہ سے اور اپنی تنظیمی سرگرمیوں کے حوالہ سے نہ صرف بریف کیا بلکہ انہیں دعوت دی کہ وہ آزادجموں وکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کا بھی دورہ کریں اور جس طرح وہ بھرپور طریقے سے فلسطین کے مسئلے کو اجاگر کر رہے ہیں وہ اسی طرح مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے اپنا موثر کردار ادا کریں اور نئی منتخب شدہ برطانوی حکومت میں اپنے دوستوں کے ساتھ، اپنی کابینہ کے وزرا کے ساتھ مل کر اپنی حکومت کو اس بات پر آمادہ کریں کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کا کیس بھارت کے سامنے پیش کر کے کشمیری راہنماوں کو رہائی دلوانے، یاسین ملک کی پھانسی کی سزا ختم کروانے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے اپنی آواز بلند کریں تا کہ برطانیہ میں بسنے والے ایک ملین سے زائد کشمیری مطمئن ہو سکیں اور مقبوضہ کشمیر کے ایک کروڑ سے زائد لوگوں کو وہ حقوق مل سکیں جو برطانیہ اور دنیا کے دیگر مہذب ملکوں میں عام عوام کو حاصل ہیں۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے سابق لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر یاسمین ڈارچیئر پرسن انٹرنیشنل لابی آن کشمیر اور تحریک کی گریٹر لندن کی چیئر پرسن نادیہ جعفری کے ہمراہ لند ن کے میئر صادق خان اور بحرین کے سفیر شیخ فواد بن محمد ال خلیفہ کے ساتھ بھی خصوصی ملاقاتیں کیں۔

اس موقع پر راجہ نجابت حسین ستارہ  پاکستان، ذیشان عارف اور تیمور طارق نے جہاں پاکستانی ہائی کمیشن میں آفیشلز کا شکریہ ادا کیا وہیں ممبران برطانوی پارلیمنٹ اور ان کے سٹاف کا بھی شکریہ ادا کیا جو مختلف حوالوں اور مختلف موقعوں پرہماری بھرپور معاونت کرتے ہیں۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ پانچ اگست کو مانچسٹر میں تاریخ ساز کشمیری کانفرنس منعقد کی جائے گی جس کے مہمان خصوصی اینڈریو گوئن برطانوی وزیر برائے پبلک ہیلتھ، ڈاکٹر افضل خان CBE اور دیگر ممبران پارلیمنٹ ہوں گے جب کہ برطانیہ بھر سے کشمیری تنظیموں کے عہدیداران، تحریکی کارکنان، لارڈ میئر، میئرز کونسلر اور کمیونٹی راہنما  شرکت کریں گے۔