الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 39 ارکان اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

اسلام آ باد(صباح نیوز)  الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کے 39 ارکان قومی اسمبلی کو پاکستان تحریک انصاف  کے ارکان  قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ان کے نام اپنی ویب سائٹ پر شائع کردیے۔ جن 39 ارکان قومی اسمبلی کو تحریک انصاف کا رکن قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے انہوں نے ایس آئی سی کے سرٹیفیکیٹ سے قبل پی ٹی آئی کا ٹکٹ کمیشن میں جمع کروایا تھا۔

الیکشن کمیشن نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے سابق چیف وہپ عامر ڈوگر اور شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی سمیت 39اراکین قومی اسمبلی کے نوٹیفیکیشن جاری کیے ہیں۔ان کے علاوہ شاندانہ گلزار، زرتاج گل، جنید اکبر، شہرام خان، عاطف خان اور لطیف کھوسہ کے نوٹیفیکیشن بھی الیکشن کمیشن نے جاری کردیے۔

واضح رہے کہ 12 جولائی کو سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس میں پشاور ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو مخصوص نشستوں کا حقدار قرار دیا تھا۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں 13 رکنی فل بینچ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دیا تھا، فیصلہ جسٹس منصور علی شاہ کی جانب سے لکھا گیا تھا۔

جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحیی آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اختر افغان فل کورٹ کا حصہ تھے۔ یہ بھی یادرہے کہ 14مارچ کو پشاور ہائی کورٹ کے 5 رکنی لارجر بنچ نے متفقہ طور پر سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں نہ ملنے کے خلاف درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔

سپریم کورٹ کے فیصلے میں تحریک انصاف کے قرار دیے گئے 39 ارکان اسمبلی کی فہرست شامل تھی،سپریم کورٹ نے اسامہ میلہ ،شفقت اعوان، علی افضل ساہی، خرم شہزاد ورک ، لطیف کھوسہ، رائے حسن نواز ، عامر ڈوگر ،زین قریشی ، رانا فراز نون، صابر قریشی، اویس حیدر جھکڑ، زرتاج گل کو بھی تحریک انصاف کے ارکان قرار دیا تھا۔ علی محمد خان، شہریارآفریدی ،انیقہ مہدی، احسان اللہ ورک ، بلال اعجاز، عمیر خان نیازی، ثنا اللہ خان مستی خیل کو آزاد ارکان قرار دیا تھا۔