حکومت عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کرتی جارہی ہے ۔کاشف سعید شیخ

کراچی(صباح نیوز)  جماعت اسلامی سندھ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو دینے کی تیاری پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس اقدام سے تیل کمپنیوں کی ناجائز منافعہ خوری میں اضافہ ہوتا چلاجائے گا پھر عوام کی نمائندگی کون کرے گا؟ حکومت پارلیمنٹ کی کمیٹی بنائے اور مفاد عامہ کی خاطر اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔

جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ عوام پہلے ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ،بلوں میں اضافے ،بے امنی، بیروزگاری اور مہنگائی سمیت بے شمار مسائل سے دوچار ہیں حکومت عوام کو رلیف اور مسائل حل کرنے کی بجائے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کرتی جارہی ہے جو ان کی بے حسی اورعوامی مسائل سے عدم دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہر چیز واداروں کی نجکاری اور قیمتوں کا اختیار پیٹرول کمپنیوں کے حوالے کرنا ہے تو پھر حکومت کس چیز کانام ہے؟ حکومت کامطلب صرف عوام سے لوٹ مار کرکے بیرون ممالک جائیدادیں بنانا نہیں بلکہ عوام کو ان کے بنیادی حقوق وسہولیات بھی فراہم کرنا ہے۔#