کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمدحسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی غلبہ دین کی ایک تحریک ہے جو کہ پاکستان میں اسلامی نظام کی جدوجہد کے ساتھ ساتھ عوام کے مسائل کے حل اور عدل وانصاف کیلئے جدوجہد کررہی ہے، پاکستان کی بقا بھی اسلام ونظریہ پاکستان میں مضمر ہے، پاکستان اسی مقصد کیلئے بنا تھا کہ یہاں عدل وانصاف اور اوسلام کا بول بالا ہوگا مگر 76سال سے قابض حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی،بیروزگاری اور دہشتگردی کے تحفوں کے سوا کچھ بھی نہیں دیا ہے، جماعت اسلامی ملک میں اصلاح معاشرہ،بندوں کو بندوں کی غلامی سے نکال کر ایک اللہ کی غلامی میں دینے کے ساتھ اسلامی نظام کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔ملک کی معاشی حالت انتہائی نازک ہے حالیہ بجٹ میں ٹیکسز کی بھرمار کرکے عوام کا زندہ رہنا مشکل بنادیا گیا ہے،بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ سے ہر آدمی پریشان ہے،
اسلام آباد کا دھرنا عوام کے دلوں کی آواز بن چکا،سندھ سے قافلے اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہیں، عوام حکمرانوں کو مجبور کریں گے کہ وہ اپنے ظالمانہ ٹیکس ختم، آئی ایم ایف کی غلامی سے ملک کونکالیں۔انہوں نے عوام اور کارکنان کے نام پیغام میں مزید کہا کہ اسلام آباد میں ڈی چوک پر حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں دھرنا بھی نظام کی تبدیلی اور حکمرانوں کے عوام دشمن اقدامات کیخلاف ہے، دھرنے میں بھرپور شرکت کرکے ظلم وناانصافی کیخلاف آواز بلند کیا جائے،دھرنے کے شرکاء اجتماعی سفر میں نمازوں کی پابندی،ایثار وقربانی اور ذکر واذکار کو اپنا معمول بنائیں۔