وزیراعظم سے ای سی او کے سیکرٹری جنرل خسرو نوزیری کی ملاقات

 اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اقتصادی تعاون تنظیم کے سبکدوش ہونے ہوالے سیکرٹری جنرل خسرو نوزیری کی ملاقات  وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)کے سیکرٹری جنرل خسرو نوزیری نے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ سبکدوش ہونے والے سیکرٹری جنرل خسرو نوزیری نے وزیراعظم کو ای سی او کے اقدامات اور اپنی تعیناتی کے دوران ای سی او کو بحال کرنے کے اپنے اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے ای سی او کو علاقائی تعاون کے پلیٹ فارم کے طور پر فروغ دینے کے لیے سیکرٹری جنرل کی کوششوں کو سراہا اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوزیری پاکستان کی فارن سروس اکیڈمی سے فارغ التحصیل تھے جو کہ پاکستان کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ وزیراعظم نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمن کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ای سی او ممالک کے درمیان علاقائی تجارت کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ ای سی او اصلاحات کے ایجنڈے کے لئے  مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ای سی او ویژن 2025 کے اہم دستاویز پر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی سرپرستی میں اسلام آباد میں 2017 میں دستخط کئے گئے تھے جو کہ ای سے او کے لئے ایک انتہائی اہم سنگ میل ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو اس بات پر فخر ہے کہ ای سی او کے آئندہ سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان، پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ رہے ۔خسرو نوزیری نے ای سی او کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے خدمات سر انجام دیتے ہوئے پاکستان کی جانب سے مسلسل حمایت پر وزیراعظم کاشکریہ  اداکیا۔