فرینکفرٹ میں قونصل خانے پر حملہ کرنیوالوں کی شہریت کی شناخت پر تبصرہ نہیں کرسکتے،ترجمان دفتر خارجہ

 اسلام آباد (صباح نیوز) دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ  فرینکفرٹ میں قونصل خانے پر حملہ کرنیوالوں کی شہریت کی شناخت پر تبصرہ نہیں کرسکتے ،پاکستان بیجنگ میں فلسطینی سیاسی دھڑوں کے اعلان اتحاد کا خیر مقدم کرتا ہے، پاکستان اور ترکمانستان میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی تعاون، رابطوں اور عوامی روابط کو وسعت دینے پر اتفاق ہوا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وارمیڈیا بریفنگ میں کہا کہ ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میریدوو نے 22 سے 25 جولائی 2024 کو پاکستان کا دورہ کیا۔ترجمان نے بتایا کہ دورہ پاکستان میں وزیر خارجہ میریدوو نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، انہوں نے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار سے بھی تفصیلی بات چیت کی۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ دونوں وزرا نے پاکستان ترکمانستان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے تیسرے دور کی مشترکہ صدارت کی، مذاکرات کے ایجنڈے میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی تعاون، رابطوں اور عوامی روابط پر بات چیت شامل تھی۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ دونوں فریقین نے اعلی سطح کے مذاکرات اور تبادلوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا، دونوں رہنمائوں نے سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعاون میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ترجمان نے بتایا کہ ملاقات کے دوران تا پی پائپ لائن اور ٹی اے پی بجلی کی ٹرانسمشن لائن سمیت اہم کنیکٹیویٹی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف 30جولائی کو تہران کا دورہ کریں گے، وزیراعظم نومنتخب ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔

ممتاززہرابلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کے حق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کررہا ہے، پاکستان بیجنگ میں فلسطینی سیاسی دھڑوں کے اعلان اتحاد کا خیر مقدم کرتا ہے، ہم بامقصد مذاکرات کیلئے فلسطینی دھڑوں کو اکٹھا کرنے پر چین کے کردار کو سراہتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ای سی او کے سیکرٹری جنرل خسرونوریزی پاکستان کے دورے پر ہیں، وہ اپنے الوداعی دورے پر پاکستان پہنچے، ان کی مدت اگلے ماہ ختم ہو رہی ہے، سابق سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان آئندہ تین سال کے لیے ان کی جگہ لیں گے۔ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ ای سی او کے سیکرٹری جنرل خسرونوریزی سے افغانستان، کشمیر سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرتا ہے،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو نوٹس لے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی قونصلیٹ نے  فرینکفرٹ واقعہ  پر اپنے تحفظات جرمن حکام تک پہنچانے ہیں، پاکستانی سفارتکاروں کی سکیورٹی اہمیت رکھتی ہے، میزبان ممالک کے  ساتھ مل کر حملوں سے متعلق سیفٹی اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پرحملے پرجرمن حکومت نے اظہار معذرت کیا، جرمن حکومت نے مکمل سپورٹ اور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ ہمارا قونصل خانہ جرمن انتظامیہ کے ساتھ مل کر ذمہ داران کی گرفتاری میں تعاون کررہا ہے مگر اس وقت حملہ آوروں کی شہریت کی شناخت کے حوالے سے تبصرہ نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ افغان سرحد پر ون ڈاکومنٹ رجیم پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، کسی بھی غیرملکی کو بغیر دستاویزات پاکستان داخلے کی اجازت نہیں دیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکی سفیرکی جانب سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پرکسی بھی ممکنہ درخواست کو آئین و قوانین کے تناظر میں دیکھیں گے، بیرون ممالک سے کسی بھی قسم کا تبصرہ بلاضرورت، ناقابل قبول اورپاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے۔