کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی زیر قیادت ،ملک میں بڑھتی مہنگائی، آئی ایم ایف اور وفاقی حکومت کے ظالمانہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسز ،پیٹرول ،گیس وبجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے اور ظالمانہ سلیب سسٹم اور آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف جماعت اسلامی کی ”حق دو عوام کو ”تحریک کے سلسلے میں اسلام آباد ڈی چوک 26جولائی سے شروع ہونے والا دھرنے میں شرکت کے لیے کراچی سے قافلوں کی روانگی شروع ہوگئی ہے ،۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے بدھ کو کینٹ اسٹیشن سے خیبر میل کے ذریعے روانہ ہونے والے پہلے قافلے کو رخصت کیا ، قافلے بسوں اور دیگر گاڑیوں کے ذریعے بھی اسلام آباد جائیں گے ،کینٹ اسٹیشن پر کارکنوں میں زبردست جوش وخروش دیکھنے میں آیا اور پلیٹ فارم نعروں سے گونج اٹھا ۔منعم ظفرخان نے میڈیا کے نمائندوں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کی ”حق دو کراچی کو ”تحریک کے بعد ملک میں ”حق دو عوام کو ”تحریک مسلسل آگے بڑھ رہی ہے ، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو صرف غریب عوام کے حق اور مسائل کے حل کے لیے میدان عمل میں موجود ہے ،اسلام آباددھرنا اس جدوجہد میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا ۔ن لیگ ،ایم کیو ایم ، پیپلز پارٹی کی موجودہ اتحادی حکومت اور اس سے قبل پی ڈی ایم حکومت نے عوام کا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا اور مزید مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا ، آئی ایم ایف کے ظالمانہ بجٹ میں جاگیرداروں ،وڈیروں طبقہ اشرافیہ کے بجائے سارا بوجھ اور ٹیکس تنخواہ دار طبقے اورغریب عوام پر ڈال دیا ، پیٹرول اور بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے ،آئی پی پیز سے کیے گئے ظالمانہ اور عوام دشمن معاہدوں کی ادائیگیوں کے لیے بھی عوام کو نچوڑا جارہا ہے ، موجودہ حکومت عوامی رائے نہیں بلکہ جعلی فارم 47کی پیداوار ہے ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو کراچی کے عوام نے ان کی نااہلی اور ناقص کارکردگی کے باعث مکمل طور پر مسترد کردیا لیکن فارم 45کے بجائے فارم 47بناکر ان پارٹیوں کو ایک بار پھر کراچی پر مسلط کردیا گیا ،کراچی کی تباہی و بربادی کی ذمہ دار ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی ہیں ، ان پارٹیوں نے نہ پہلے عوا م کے مسائل حل کیے اور نہ آئندہ کرسکتی ہیں ۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ملک میں نئے انتخابات نہیں بلکہ فارم 45کے مطابق نتائج جاری کیے جائیں ،بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اورعوام پر لگائے گئے ٹیکس واپس لیے جائیں ، جاگیر دار وں اور وڈیروں پر ٹیکس لگائے جائیں ،بجلی کے بھاری بلوں میں ٹیکسز اور ظالمانہ سلیب سسٹم ختم کیا جائے ۔بجلی ،گیس اور پیٹرول سمیت اشیاء صرف کی قیمتیں کم کی جائیں ،آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن معاہدے کرنے والوں کو عوام کے سامنے لایا جائے ، سندھ حکومت کراچی کے عوام کو ان کا حق دے۔#