پیرس اولمپکس گیمزکا آغاز 26 جولائی کو ہوگا، رنگارنگ افتتاحی تقریب بھی ہوگی

پیرس(صباح نیوز) پیرس اولمپکس گیمزکا آغاز رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ 26 جولائی کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہوگا جو 11 اگست تک جاری رہیں گے ۔پیرس اولمپکس گیمز کا کائونٹ ڈائون جاری ہے ،انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں اور کھیلوں کے بڑے میلے کو سجنے میں ایک دن باقی رہ گیا ہے ۔ فرانسیسی دارالحکومت اپنی تاریخ میں تیسری بار دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے مصروف ہے۔

پیرس اولمپکس گیمزکی رنگا رنگ افتتاحی تقریب 26 جولائی کو جمعہ کو ہو گی جو مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے (پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے دس بجے) شروع ہوگی۔پیرس اولمپکس کے منتظمین کا دعوی ہے کہ اس مرتبہ عالمی کھیلوں کی افتتاحی تقریب ایک بے مثال تقریب ہو گی ۔افتتاحی تقریب کا دورانیہ 4 گھنٹے سے کچھ کم ہو گا اور اس کا اختتام پیرس میں غروبِ آفتاب کے ساتھ ہی ہو گا۔ پیرس میں جمعہ کی شام کے لیے بہتر موسم کی پیشن گوئی کی گئی ہے اور موسمی اعتبار سے تقریب کے متاثر ہونے کا امکان نہیں ہے۔

پیرس اولمپکس گیمز میں32 کھیلوں کے329 ایونٹس ہوں گے جن میں دنیا بھر سے تقریبا ساڑھے10 ہزار ایتھلیٹس شرکت کریں گے۔ پیرس اولمپکس کے آغاز میں اب ایک دن کا وقت رہ گیا ہے ، میں شرکت کرنے والے کئی ایتھلیٹس نے اولمپک گیمز کے دوران متوقع ہیٹ ویو پر خدشات کا اظہار کیا ہے ۔ورلڈ ایتھلیٹکس کے صدر سیباسٹین کو نے کہا کہ اولمپک گیمز کے دوران زیادہ درجہ حرارت ایتھلیٹس کے لئے نیند میں خلل سے لے کر تنائو اور زخمی ہونے تک کے خطرات پیدا کر سکتا ہے۔اس کے علاوہ گرمی کی شدت عوام کے لیے بھی خطرے کا باعث بن سکتی ہے ۔