الخدمت واش پروگرام کے تحت کراچی میں واٹر فلٹریشن پلانٹ آپریٹرز کیلئے ورکشاپس ،انعامات واسناد تقسیم

کراچی (صباح نیوز) الخدمت کے شعبہ واش پروگرام کے تحت واٹر فلٹریشن پلانٹ آپریٹرز کی تکنیکی تربیت اور صلاحیت بڑھانے کیلئے  پیشہ ورانہ ضابطہ اخلاق  کے عنوان سے ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا۔ ورکشاپ کا اہتمام کورنگی ، لیاری اور دستگیر کے علاقوں میں کیا گیا ،جس میںڈائریکٹر ہیومن ریسورس اینڈ کمپلائنس ڈپارٹمنٹ منیر یعقوب نے لیکچر دیا۔ آپریٹرز کوواٹر فلٹریشن پلانٹس کی کارکردگی بڑھانے ،اس کو وسعت دینے کے حوالے سے آگاہی دی گئی ۔ پلانٹس آپریٹر ز کے مسائل سنے گئے اور ان کا حل تجویز کیا گیا۔ الخدمت کے شعبہ واش کی جانب سے پلانٹس آپریٹر کی کیلئے الخدمت کے مرکزی دفتر میں ایوارڈز واسناد کی تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب میں پلانٹس آپریٹرز کی معلومات اور تکنیکی مسائل کے حل کیلئے پلانٹس سے متعلق کتاب کا اجرا کیا گیا ،جبکہ واٹر پلانٹ آپریٹرز کی تکنیکی مہارت کو جانچنے کیلئے ٹیسٹ بھی لیا گیا ۔تقریب کی صدارت ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے کی ۔اس موقع پر ڈائریکٹر، واش پروگرا م گوہر الاسلام،ڈائریکٹر، لرننگ اینڈ ڈویلپمنٹ یوسف محی الدین ،جنرل منیجر ایچ آرحبیب الرحمان،منیجر واش پروگرام سعد اکبر ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بہترین کاکردگی کے حامل پلانٹ آپریٹرز میں ایوارڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے کہا کہ تربیتی عمل کو مکمل کرنے والے تمام آپریٹرز کو مبارک باد پیش کرتا ہوں جنہوں نے لوگوں تک صاف اور محفوظ پانی کی رسائی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت الخدمت کے تحت شہر بھرمیں 66واٹر فلٹریشن پلانٹس کام کر رہے ہیں،ہم اس کا دائرہ مزید بڑھانا چاہتے ہیں ۔سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان نے اس شعبہ کی بنیادڈالی۔ آج ہم شہر میں اس وقت جب آدلوہ پانی ہمارے گھر وں میں آتا ہے ، الخدمت لوگوں کو پینے کا صاف معیاری اور سستا پانی فراہم کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے تمام پلانٹس آپریٹر تکنیکی مہارتیں حاصل کر کے اس کام کو مزید منظم انداز میں کریں گے ۔ ڈائریکٹر واش پروگرام گوہر الاسلام نے کہا کہ ورکشاپس کا مقصدپلانٹس آپریٹرز کو تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تا کہ وہ اپنے شعبے مہارت حاصل کر کے بہتر انداز میں سروسز فراہم کریں ۔