جیکب آباد(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے حکومت کی جانب سے 750روپے فی یونٹ بجلی خرید کر عوام کو60روپے فی یونٹ بیچنے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام کے ساتھ سراسر ظلم قرار دیا ہے، ثابت ہوگیا کہ حکمران چور ہیں جو اپنے بیٹوں، بیگمات کے نام سے کمپنیاں بناکر آئی پی پیز کے ذریعے عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں مگر وہ یاد رکھیں کہ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے، عوام سے جھوٹی ہمدردیوں کا راگ الاپنے والے بے حس حکمرانوں کا کردار حافظ نعیم الرحمن نے آئی پی پیز معاہدوں کے ذریعے بے نقاب کردیا ہے، ان ظالمانہ وعوام دشمن اقدامات کیخلاف 26جولائی کو اسلام آباد میں جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں دھرنا دے گی، کراچی تا کشمور قافلے 24جولائی کو اسلام آباد کیلئے روانہ ہونگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز اسلامی جیکب آباد میں ضلعی ذمہ داران اور اجتماع ارکان سے خطاب کے دوران کیا۔صوبائی امیر نے ٹھل اورکندھ کوٹ میںبھی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب جبکہ اقلیتی شعبہ کے ذمہ داروسابق رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر شنکر لال سے ان کی اہلیہ کے وفات پر اظہار افسوس کیا۔ صوبائی امیر کا مزید کہنا تھا کہ سیاست کرنا سیاستدانوں کا کام ہے، اسٹیبلشمنٹ کی سیاست میں مداخلت اور من پسند قیادت مسلط کرنے کی وجہ سے ملک آج معاشی وسیاسی بحران، دہشتگردی سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہے۔ سندھ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ، بدامنی وڈاکو راج نے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے، دن دیہاڑے گھروں میں داخل ہوکر ڈاکووں کا دیدہ دلیری کے ساتھ لوٹ مار کرکے فرار ہوجانا صوبہ میں امن وامان کی بدترین صورتحال کی نشاندھی کرتا ہے۔ سخت گرمی اور حبس کے باوجود بدترین لوڈشیڈنگ یزیدیت سے کم نہیں، ایشیا میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی پاکستان میں ہے، عوام بھاری بل ادا کرنے کے باوجود بجلی سے محروم ہیں، بجلی چوری ختم کرنا،کرپشن ولائن لاسزکوکنٹرول کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔26جولائی کو اسلام آباد میں مہنگی بجلی ،ظالمانہ ٹیکسزکیخلاف دھرنا پوری قوم کی آواز بن چکا ہے۔دریں اثناء سندھ یونائیٹیڈ پارٹی کے سربراہ سید زین شاہ نے صوبائی امیر محمد حسین محنتی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا،دونوں رہنمائوں نے سندھ کی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ ایس یو پی سربراہ نے 30جولائی کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں سندھ کے مسائل پر ہونے والے کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی بھی دعوت دی جو صوبائی امیر نے قبول کرلی۔