موجودہ حالات کے تناظر میں اسلام آباد دھرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ،محمد حسین محنتی


کراچی (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات کے تناظر میں اسلام آبا دھرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جماعت اسلامی ملک میں ظالمانہ نظام، عوام دشمن پالیسیوں، بجلی کی لوڈشیڈنگ، بلوں میں بے پناہ اضافوں کیخلاف 26 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دینے جارہی ہے، یہ دھرنا مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا، عنقریب سندھ میں بھی بد امنی کیخلاف بھرپور عوامی دھرنا دیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہران مرکزسکھر میں منعقدہ ضلعی ذمے داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا

امیر ضلع سکھر مولانا حزب اللہ جکھرو ،صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا ،ایڈوکیٹ سلطان احمد لاشاری ،این ایل ایف کے سید نظام الدین شاہ، ریلوے پریم یونین کے خیر محمد تنیو،حافظ امان اللہ تنیو ،میر ہزار خان لاشاری، سہیل قریشی، معراج خان سمیت دیگر زمہ داران بھی موجود تھے ، اجلاس میں میں 26 جولائی کو ہونیوالے جماعت اسلامی کے اسلام آباد دھرنے میں شرکت کے سلسلے میں منصوبہ بندی کی گئی، امیر صوبہ سندھ نے مذید کہا کہ جماعت اسلامی مسلسل عوامی مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ بے شمار مسائل سے دوچار ہے، بد امنی مہنگائی، اغواء برائے تاوان، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ بجلی بلوں میں اضافہ سر فہرست ھیں ان مسائل کیخلاف جماعت اسلامی اپنی تحریک جاری رکھے گی، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے مسائل کے حل کیلئے مسلسل میدان عمل میں ہے، جماعت اسلامی ایک جدوجہد کا نام ھے جو سکھر شکارپور گھوٹکی جیکب آباد کشمور کندھ کوٹ سمیت سندھ بھر میں قیام امن کیلئے جدوجہد کر رہی ہے، ان شاء اللہ۔انہوں نے کہا کہ اپنی عوامی جدوجہد کے نتیجہ میں جماعت اسلامی عوام میں تیزی سے مقبول ہورہی ہے نوجوان نسل کو جماعت اسلامی میں فوری طور پر ضم کرنے کی ضرورت ھے، جے آئی یوتھ اپنی دعوت کو مزید موثر بنائے، ملک کا 65 فیصد نوجوان ہیں جو ملک کے مسائل کے حل کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرسکتے ھیں

انہوں نے کہا کہ سندھ باب الاسلام ہے قیام پاکستان میں سندھ کا بڑا رول ہے، سندھ اھم صوبہ ھے جو جاگتا ھے تو پورا پاکستان جاگتا ھے ان شاء اللہ سندھ کا نوجوان، ہاری کسان کاشتکار علمائے کرام سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی کے لوگ اسلام آباد دھرنا میں بھرپور شرکت کریں گے، امیر صوبہ نے تنظیمی امور کا جائزہ بھی لیا، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بڑا اجتماع عام کرے گی، جماعت اسلامی کے تنظیمی کام کے فروغ کیلئے عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی، اس موقع پر جماعت اسلامی کی دعوت دی جائے گی، ممبر شپ جاری رکھی جائے گی، جماعت اسلامی کرپٹ نا اہل حکمرانوں کے اقتدار کے خاتمہ تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، محمد حسین محنتی نے کہا کہ جماعت اسلامی بنو قابل پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ٹریننگ دے گی تاکہ بیروزگار نوجوان آن لائن کے زریعہ روزی کما سکیں، قبل ازیں جماعت اسلامی کی ضلعی شوری اور امرا ئے تحاصیل کا اجلاس امیر ضلع مولانا حزب اللہ جکھرو کی زیر صدارت ھوا جس میں 26 جولائی کو اسلام آباد دھرنے میں شرکت کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔