تحریک تحفظ آئین پاکستان نے جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دیدی


اسلام آباد(صباح نیوز)تحریک تحفظ آئین پاکستان نے جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی۔

اپنے ایک بیان میں سنی اتحادکونسل کے رکن قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان آئندہ جمعہ کو ملک گیراحتجاج کرے گی، ملک بھر میں امن اوامان کی صورتحال بگڑتی جا رہی ہے، بانی پی ٹی آئی اوراہلیہ  بشریٰ بی بی کو ناحق جیلوں میں قید کر رکھا ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ کارکنان اور سوشل میڈیا سے وابستہ  لوگوں کو غیر قانونی اغوا کیا جا رہا ہے، مہنگائی کے طوفان نے عوام کو تباہ کر دیا ہے، میرا عوام کے لیے پیغام ہے آپ نے اپنے حقوق کے لیے نکلنا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف ملک بھر میں آگ و خون کا کھیل کھیلا جارہا ہے، سیاسی جماعتوں کے خلاف کریک ڈائون کیا جا رہا ہے۔پی ٹی آئی رہنمانے کہا کہ ارکان قومی اسمبلی کی خریداری کے لئے  بڑے بڑے آفرز ہورہے ہیں، ارکان اسمبلی کو دبائو میں لا کر وفاداریاں بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ عوام نے آئندہ جمعہ کو احتجاج کو کامیاب کرنا ہے، جی ڈی اے اور سیاسی جماعتوں کو بھی احتجاج میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔