لاہور(صباح نیوز) سابق وفاقی وزیر شفقت محمود نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں شفقت محمود نے کہا کہ بہت سوچ و بچار کے بعد سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کسی دبا ئوکی وجہ سے نہیں کیا اور میرا کسی اورسیاسی جماعت میں جانے کا ارادہ نہیں ۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ 34 سال قبل سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دے کر سیاست میں قدم رکھا تھا، اپنی باقی عمر تحریر اور تدریس کے لئے وقف کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ یہ اعلان صرف سیاست سے علیحدگی کا ہے اور اس کا تعلق وقت اور عمر کے تقاضے سے ہے، میں ان سے مکمل اتفاق کرتا ہوں جو کہتے ہیں کہ سیاست میں نوجوانوں کو آگے آنا چاہیے۔
شفقت محمود نے کہا کہ سیاست کے اس سفر کے دوران بہت سے نشیب و فراز آئے، سینیٹ اور نیشنل اسمبلی کا ممبر اور وفاقی و صوبائی وزیر رہا، جیل کی یاترا کرنے کا بھی اتفاق ہوا، مجھے اطمینان ہے کہ میں نے ہمیشہ اپنی ساری ذمہ داریاں نہایت ایمانداری سے سرانجام دیں۔