کسی بھی مسئلے کا حل فوجی طاقت اور فوجی آپریشن نہیں ۔محمد حسین محنتی

کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ بنوں واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات ملک و قوم کے حق میں بھتر نہیں ہے،تمام معاملات کو افہام وتفہیم سے مسائل کو حل کیا جائے ، کسی بھی مسئلے کا حل فوجی طاقت اور فوجی آپریشن نہیں، پختون قوم نے پہلے ہونے والے عسکری آپریشن میں بہت زیادہ نقصان برداشت کیا ہے جس کے زخم ابھی تک نہیں بھرے ہیں، عوام کو اعتماد میں لئے بغیر کوئی بھی آپریشن مسائل کو حل کرنے کی بجائے اضافہ اور عدم استحکام کا باعث بنے گا اسلئے کے پی کے عوام اور مشران کو اعتماد میں لیا جائے،بنوں واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں نہتے اور پرامن لوگوں پر فائرنگ کرنے والا کوئی بھی ہو قوم اور ملک کا خیرخواہ نہیں ہوسکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی دفتر میں ضلع لاڑکانہ کی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے صدارتی ٰخطاب کرتے ہوئے کیا ۔ امیر ضلع قاری ابوزبیر جکھرو نے دھرنا کے شرکاء کی تیاریوں سمیت دیگر دعوتی و تنظیمی امور کی رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہدچنا ،ضلعی رہنما ایڈووکیٹ نادرعلی کھوسہ، مولانا یعقوب منگی اور یوتھ کے ذمے داران بھی موجودتھے۔ سندھ میں امن وامان و صحت کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارونجھر سے لیکر گورکھ ہل تک حکمرانوں نے سندھ برائے سیل بنادیا ہے، سندھ کی لاکھوں ایکڑ زمین مقامی ہاریوں کی بجائے کمپنیوں کے حوالے کرنا ناانصافی ہے جس نے ایسٹ انڈیا کمپنی کی یاد تازہ کردی ہے۔ لاڑکانہ سول ہسپتال کا سالانہ بجٹ 6 ارب ہے مگر عوام علاج معالجہ کی سہولیات سے محروم ہیں۔ “سسٹم” و کرپشن کمیشن نے کراچی تا کشمور پورے سندھ کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ پیپلزپارٹی کی 16 سال سے حکومت ہونے کے باوجود پورا صوبہ مسائلستان بنا ہوا ہے۔عوام زندگی کی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔ سندھ کی زمین کی بندربانٹ آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں کی جانب سے بجلی بلوں میں مسلسل اضافہ اور ظالمانہ ٹیکسز نے عوام کا جینا محال کردیا ہے اس ظلم کے خلاف جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی زیر قیادت ڈی چوک اسلام آباد میں زبردست دھرنا ہوگا۔ لاڑکانہ سمیت سندھ بھر سے عوام دھرنے میں بھرپور شرکت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں قرآن  و سنت کے نفاذ ،آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کے حقوق کے لیے پر امن جدوجہد کرتی رہے گی۔حافظ نعیم الرحمٰن 26 جولائی کو اسلام آباد دھرنے میں حق دو عوام کو تحریک کے اگلے مرحلہ کا اعلان کریں گے۔