واشنگٹن(صباح نیوز)گلوبل سائبر سیکیورٹی فرم کے سسٹم میں تکنیکی خرابی کو اب تک مکمل طور پر ٹھیک نہ کیا جا سکا، امریکہ ،جرمنی، برطانیہ، نیوزی لینڈ، پولینڈ، جاپان اور بھارت میں ہوائی اڈے تاحال متاثر ہیں، کمپنی کراڈ اسٹرائیک کو 19.25ٹریلین روپے سے زیادہ کا نقصان ہو گیا۔گلوبل سائبر سیکیورٹی فرم کے سسٹم میں تکنیکی خرابی، فضائی اور کاروباری سرگرمیاں معطل، مکمل بحالی میں ہفتے لگ سکتے ہیں۔ جرمنی کی سائبر سیکیورٹی چیف نے آگاہ کر دیا۔سائبر سیکیورٹی چیف نے کہا کہ مسئلے کے حل میں ابھی وقت درکار ہے، ہم اس کا فوری حل نہیں نکال سکتے، ابھی اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے کہ کتنا وقت لگے گا لیکن وعدہ ہے کہ جلد سے جلد اس پر قابو پالیں گے۔کراڈ اسٹرائیک کے سی ای او نے بھی کہا دیا کہ دنیا بھر میں سسٹم معمول پر آنے میں وقت لگ سکتا ہے،
کراڈ اسٹرائیک سافٹ ویر اپ ڈیٹ سے آئی ٹی سسٹم کی عالمی بندش پر کمپنی کے سی ای او جارج کرٹز نے معذرت کرلی۔ایکس پر پوسٹ میں کہا کمپنی نے مسئلے کے حل کے لیے ایک اور اپڈیٹ دے دی ہے، پولینڈ، جرمنی، برطانیہ، نیوزی لینڈ، جاپان اور بھارت میں سسٹم اب تک مکمل بحال نہ ہوسکا۔دوسری جانب ایئرپورٹس پر مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے، سوئٹزرلینڈ کے سب سے بڑے ہوائی اڈے زیورخ نے بھی طیاروں کو لینڈنگ سے روک دیا، پولینڈ میں مسافروں سے فون پر تصدیق کے بعد ایئرپورٹ آنے کی اپیل، انتظامیہ نے روانگی کے وقت سے تین گھنٹے پہلے پہنچنے کی ہدایت کردی۔علاوہ ازیں کئی ممالک میں آئی ٹی سروسز آہستہ آہستہ بحال ہونے لگیں جنوبی افریقہ میں ایئرپورٹس اور بینکس نے صورتحال پر قابو پالیا۔