کراچی (صباح نیوز)معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے کہ تاجر اور عوام فیصلہ کر لیں کہ ہم نے درآمدی مصنوعات استعمال نہیں کرنی، تو درآمدی اشیا آنا بند ہو جائیں گی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ اگر یہ تحریک چلائی جائے کہ تاجر حضرات غیر ضروری اور عیاشی والی درآمدی مصنوعات کو اپنے پاس نہیں رکھیں گے، جن پر ہمارا زرمبادلہ ضائع ہو رہا ہے اور درآمدی چیزیں نہیں منگوائیں گے،انگریز جو ریلوے لائن ڈال کرگئے، اس کے بعدکوئی لائن نہیں ڈالی گئی، جھیل سیف الملوک کے راستے کو آج تک پکا نہیں کرسکے۔انہوں نے کہا کہ ہم عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)کے غلام ہیں۔مفتی تقی عثمانی نے سوال اٹھایا کہ کون سی قدرتی دولت ہمارے پاس موجود نہیں؟ سوال یہ ہے کہ غلطی کہاں ہوئی، جڑ کہاں ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن پر الیکشن ہو رہے ہیں، ہر الیکشن میں دھاندلی کے نعرے بلند ہوتے ہیں، اس کے بعد پھر انتخابات کا مطالبہ ہوتا ہے۔مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ اس صورت میں گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ ہمارے معاشرے کے مختلف طبقات وہ ملک کی فلاح و بہبود کے لئے اکٹھے ہوں، اور سوچ کر راہ نکالیں کہ ہم کس طرح اس غلامی سے نکل سکتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ تاجر برادری کسی بھی ملک کی شہ رگ ہوتی ہے، اگر تاجر برادری مضبوط ہے اور وہ اپنے سامنے ملک و ملت کی فلاح و بہبود کا نقشہ رکھتی ہے تو وہ بالآخر سیاست کو بھی مجبور کرسکتی ہے کہ وہ صحیح راستے پر آئے۔مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ دنیا میں تھنک ٹینک طویل المیعاد پالیسز پر غور کرتے ہیں اور اس میں طے کرتے ہیں کہ کس طرح مرحلہ وار آگے بڑھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں بے شمار مسائل درپیش ہیں، مسائل دیتا ہوں کہ ہماری کرنسی کی صورتحال سب جانتے ہیں اور اس کی وجہ سے زرمبادلہ کی کمی ہے لیکن اس کے باوجود ہم درآمدات پر پابندی نہیں لگا سکتے۔انہوں نے کہا کہ عیاشیوں کی چیزیں درآمد ہو رہی ہیں، بے کار چیزیں امپورٹ ہو رہی ہیں، اور اس میں ہمارا زرمبادلہ خرچ ہو رہا ہے، اگر حکومت کی طرف سے درآمد پر پابندی عائد ہوتی ہے تو عالمی طاقتیں درمیان میں آجاتی ہیں۔
مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوا ہے، اس کی شرط بھی ہے کہ آپ درآمدات پر پابندی عائد نہیں کرسکتے لیکن چونکہ ہم غلام ہیں لہذا اس کی شرط کو ہم نے مان لیا لیکن عوام پر کونسی پابندی ہے کہ وہ درآمدی اشیا استعمال کریں؟ تاجروں پر کونسی پابندی ہے کہ وہ امپورٹڈ مصنوعات خریدیں، اگر یہ تحریک چلائی جائے کہ تاجر حضرات غیر ضروری اور عیاشی والی درآمدی مصنوعات کو اپنے پاس نہیں رکھیں گے، جن پر ہمارا زرمبادلہ ضائع ہو رہا ہے اور درآمدی چیزیں نہیں منگوائیں گے، خاص طور پر ایسی اشیا جو دشمنوں کی مدد کر رہی ہیں جو مسلمانوں کا گلا کاٹ رہے ہیں۔مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ حکومت اگر پابندی عائد کرے گی تو بین الاقوامی طاقتیں روک دیں گی، اگر تاجر اور عوام یہ فیصلہ کر لے کہ ہم نے درآمدی مصنوعات استعمال نہیں کرنی، تو درآمدی اشیا آنا بند ہو جائیں گی۔