کراچی(صبا ح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی اپیل پر شدید حبس و گرمی سے نجات اور بارشوں کے لیے جمعہ کو شہر بھر میں سیکڑوں مساجد اور مساجد سے متصل گراؤنڈز میں بعد نماز جمعہ نماز استسقاء ادا کی گئی جس کی امامت ائمہ مساجد و علمائے کرام و جماعت اسلامی کے مقامی ذمہ داران نے کی ، نماز استسقاء میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہر میں باران رحمت کے برسنے اور شدید حبس و گرمی سے نجات کی دعائیں کی گئیں ۔
دریں اثناء منعم ظفر خان نے اپنے ایک بیان میں ائمہ مساجد،علمائے کرام اور شہریوں سے بھرپور اظہارتشکر کیا اور کہاکہ اللہ تعالیٰ شہریوں کی اجتماعی دعاؤں کو ضرور شرف قبولیت عطافرمائیں گے اور رحمت کی بارش سے نوازیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہم اس موقع پر سندھ حکومت ،کے ایم سی اورکے الیکٹرک کے حکام کو بھی ایک بار پھرمتوجہ کریں گے کہ وہ بارشوں کے بعد پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے وقت ضائع کیے بغیر اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور باران رحمت کو عوام کے لیے زحمت بننے سے بچائیں ۔