کسی سیاسی جماعت پر پابندی پاکستان کا داخلی معاملہ ،دوسرے ملکوں کو تبصروں سے گریز کرنا چاہیے،ترجمان دفتر خارجہ


اسلام آباد (صباح نیوز) دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی پاکستان کا داخلی معاملہ ہے ،پاکستان میں دہشت گردی کے لئے افغان سرزمین کا استعمال قابلِ تشویش ہے،  پاکستان سری نگر محرم کے جلوس کے شرکا کی گرفتاریوں کی مذمت اور گرفتار عزاداروں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی پاکستان کا داخلی معاملہ ہے، دوسرے ملکوں کو تبصروں سے گریز کرنا چاہیے ، پاکستان اپنے اندرونی مسائل خود حل کرسکتا ہے،پی ٹی آئی کے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے نے پاکستان کے جوڈیشل سسٹم کی مضبوطی کو واضح کیا ۔دفترخارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بنوں چھاؤنی پر تحریک طالبان پاکستان کے حملے کے بارے میں اپنے شدید تحفظات افغان عبوری حکومت کو پہنچا دئیے ہیں، پاکستان میں دہشت گردی کے لئے افغان سرزمین کا استعمال قابلِ تشویش ہے ،افغان حکومت کے ساتھ صاف بات چیت کی ہے، ہم نے طالبان حکومت پر زور دیا ہے کہ حافظ گل بہادر گروپ کے خلاف موثر اور فوری کارروائی کریں، پاکستان نے افغانستان کے ساتھ ہشت گرد گروپس اور حملہ آوروں کے خلاف انٹیلیجنس شیئر کی ہے، ہم گزشتہ کئی ماہ سے افغانستان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے امیگریشن قوانین واضح ہیں خلاف ورزی کرنے والے کو نکلا جاتا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کو ڈی پورٹ کیا جاتا ہے، پاکستان میں 44 ہزار افغان شہری تیسری ملک کے جانے کے لئے انتظار کررہے ہیں، اس بارے میں ملالہ یوسفزئی کے بیان کا علم نہیں۔ ملالہ یوسفزئی سے امید کرتے ہیں کہ تیسرے ملک پر زور دینگی کہ ان افغان شہری کو جلدی بلا ئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 9 محرم کو امام بارگاہ علی ابنِ ابی طالب مسقط پر حملے کی مذمت کرتا ہے،یہ دہشت گردی کا بیہمانہ واقعہ ہے اور ہم اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس واقعہ سے دہشت گردی کے خلاف مل کر مقابلہ کرنے کی اہمیت پتہ چلتی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان فلسطینی مہاجرین کیمپوں پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کرتا ہے، خان یونس مہاجر کیمپ حملے میں 19 فلسطینیوں کی شہادت اقوام متحدہ کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان سری نگر محرم کے جلوس کے شرکا کی گرفتاریوں کی مذمت اور گرفتار عزاداروں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتا ہے، پاکستان کشمیریوں کے لئے  اپنی سیاسی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا ، ترکمانستان کے وزیر خارجہ رشید میرادوف پاکستان کا دورہ کریں گے۔ دورے میں دوطرفہ تعلقات کے بارے میں تفصیلی بات چیت ہو گی۔