عمانی حکام، پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں،شہید ہونے والوں کے جسد خاکی کی جلد وطن واپسی کا بندوبست کیا جائے ،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی پاکستانی سفیر کو ہدایت

اسلام آباد (صباح نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عمان میں پاکستانی سفیر کو ہدایت کی ہے کہ وہ عمانی حکام اور مسقط میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں،شہید ہونے والوں کے جسد خاکی کی جلد وطن واپسی کا بندوبست کیا جائے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے مسقط، عمان میں دہشت گرد حملے کی تازہ ترین صورتحال کے حوالہ سے جاری تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے عمان میں امام بارگاہ علی بن ابی طالب پر دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

وزیر خارجہ نے محرم کے مقدس مہینے میں دہشت گرد حملے اور مسلمانوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔نائب وزیراعظم نے عمان میں پاکستان کے سفیر عمران علی سے ٹیلیفون پر بات بھی کی ہے۔سفیر عمران علی نے نائب وزیراعظم کو مسقط میں امام بارگاہ علی بن ابی طالب پر گزشتہ رات کے حملے کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر خارجہ نے سفیر کو ہدایت کی کہ وہ عمانی حکام اور مسقط میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں، شہید ہونے والوں کے جسد خاکی کی جلد وطن واپسی کا بندوبست کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ عمان کے ہسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں کی فلاح و بہبود کا بھی خیال رکھا جائے