سینیٹر سیف اللہ ابڑو کا سینیٹر عرفان صدیقی کی سربراہی میں دہشت گردی کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا مطالبہ


اسلام آباد (صباح نیوز)سینیٹ میں بلوچستان میں دہشت گردی پر بحث کے دوران تقریر کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینٹر سیف اللہ ابڑو نے تجویز پیش کی کہ دہشت گردی پر سیاست کرنے کے بجائے ایک تحقیقاتی کمیٹی بنا دی جائے جو دیکھے کہ پی ٹی آئی دور میں ایسا کیا ہوا جس کے بارے میں الزام لگائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سربراہی میں تو کوئی کمیٹی بنائی نہیں جائے گی، اس لیے ہمارے سینیئر سینیٹر اور بھائی عرفان صدیقی کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی جائے تاکہ تمام حقائق سامنے آ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے دور میں عرفان صدیقی کو گرفتار کرنا غلط بات تھی۔ ان کی ہتھکڑی لگے ہاتھوں میں قلم والی تصویر مجھے آج بھی یاد ہے۔ یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔