ریاست کو کمزور کرنے والے خفیہ ہاتھ سامنے لائے جائیں،جاوید لطیف


لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ( ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ریاست کو کمزور کرنے والے خفیہ ہاتھ سامنے لائے جائیں ، جس سے ملک کو خطرہ ہو اسے کوئی سیاسی جماعت نہیں کہتا ،بانی پی ٹی آئی آئی ایم ایف سے کڑی سے کڑی شرائط لگوانا چاہتا ہے۔

رہنما مسلم لیگ( ن) میاں جاوید لطیف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں سی پیک پر کام کس نے رکوایا تھا، اب یہ کہتا ہے کہ سی پیک فیز ٹو بند کرکے دکھاؤں گا، ملک اب کسی امتحان کا متحمل نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ملکی آئین توڑنے پر کارروائی کا عندیہ دیا تھا، پی ٹی آئی پر صرف پابندی کا کہا جارہا ہے ابھی پابندی نہیں لگی ، کیا آپ کے دور میں تحریک لبیک پر پابندی نہیں لگائی گئی تھی، آج انہیں سہولت کاری نظر آرہی ہے تو فوری تشویش کا اظہار کردیا۔

جاوید لطیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی آئی ایم ایف سے کڑی سے کڑی شرائط لگوانا چاہتا ہے ، ملک میں کینیا جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،اب ہم مزید امتحان کے قابل نہیں رہے ، پاکستان کے مشکل حالات پر کسی کو تشویش نہیں جس سے ملک کو خطرہ ہو اسے کوئی سیاسی جماعت نہیں کہتا۔ رہنما ن لیگ نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرکے ریاست کو کمزور کرنے والے خفیہ ہاتھ سامنے لائے جائیں، جو جماعت اپنی ملک اور قوم کی خوشحالی کیلئے اقدامات اٹھائے تو انہیں نشان عبرت بنا دیا جاتا ہے،پاکستان کو دفاعی لحاظ سے ناقابلِ تسخیر بنانے والی لیڈر شپ عبرت کا نشان بنی، پاکستان کی خدمت کرنے والے کو پھانسی چڑھا دیا گیا یا نااہل کر دیا گیا، اداروں میں بیٹھے لوگ مصلحت کے تحت خاموش رہیں تو الگ بات ہے، مگر جانتے سب ہیں، قومی جماعتیں کمزور ہونے سے جمہوریت کمزور ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مفاد جرم ہے تو یہ جرم ساری قوم کو کرنا چاہیے، حکومت چاہے لے لیں لیکن سی پیک کو بند کرے کا فیز ٹو منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سیاستدان ریاست کیلئے ایک دوسرے سے غصہ اور بغض ختم کردیں۔