کلرکہار، ساہیوال اور پتوکی میں ٹریفک حادثات، ماں بیٹے سمیت 4افراد جاں بحق ،8زخمی


کلرکہار،ساہیوال ،پتوکی (صباح نیوز)کلرکہار ، ساہیوال اور پتوکی میں ٹریفک حادثات میں  ماں بیٹے سمیت 4افراد جاں بحق اور8زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطاق کلرکہار میں موٹروے پر بھٹی گجر کے قریب کار ٹرک سے ٹکرانے سے ماں بیٹا جاں بحق اور 2 بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے، ایک بچی کی حالت تشویشناک ہے، حادثہ کار ڈرائیور کے سو جانے کی وجہ سے پیش آیا، تمام زخمیوں کو ٹراما ہسپتال کلرکہار منتقل کر دیا گیا۔ حادثہ میں 45 سالہ ساجدہ اور 17 سالہ بیٹا جبران  موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، کار میں ایک ہی فیملی کے افراد سفر کررہے تھے ، حادثے کا شکار فیملی کے افراد راوی روڈ لاہور کے رہائشی بتائے گئے ہیں۔ریسکیو ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ زخمیوں میں گھر کا سربراہ اسجد، بیٹا حریرہ اور 14 سالہ بیٹی حرین شامل ہیں، 2شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد راولپنڈی ریفر کر دیا گیا۔

دوسری جانب ساہیوال میں پاکپتن روڈ 92 /9 ایل کے قریب ویگن نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں دو خواتین موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئیں۔حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق خواتین کی شناخت آسیہ بی بی عمر 30 سال اور انور بی بی عمر 50 سال سے ہوئی، دونوں خواتین ماموں کانجن کی رہائشی تھیں، نعشوں کو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔علاوہ ازیں پتوکی میں ملتان روڈ کہنہ بائی پاس کے قریب کار آگے جانے والے مزدے سے ٹکرا گئی جس میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد زخمی ہوگئے ، متاثرہ فیملی لاہور سے ساہیوال جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئی۔حکام نے کہا کہ زخمیوں میں 3 سالہ محب، 41 سالہ اورنگزیب، 47 سالہ مظفر، 45 سالہ ساجدہ اور 14 سالہ مشقات شامل ہیں، ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو طبی امداد دیتے ہوئے ٹی ایچ کیو ہسپتال پتوکی منتقل کر دیا ۔