راولپنڈی(صباح نیوز) بنوں چھاؤنی پر دہشتگردں کے حملے کے دوران خودکش دھماکے میں 8فوجی جوان شہید ہوگئے،جوابی کارروائی میں 10دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 15 جولائی کی صبح 10دہشتگردوں کے گروپ نے بنوں چھاؤنی پر حملہ کیا تاہم اس دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی چھاؤنی میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی جس پر دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی چھاؤنی کی دیوار سے ٹکرا دی۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے خودکش دھماکے میں 8بہادر جوان شہید ہوگئے جبکہ کلیئرنس آپریشن میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں تمام 10دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا کچھ حصہ گرگیا اور اس سے ملحقہ انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں44سالہ نائب صوبیدار محمد شہزاد سکنہ ضلع پونچھ آزاد جموں و کشمیر ، 39سالہ حوالدار ظل حسین رہائشی ضلع خوشاب ، ضلع نیلم کے28 سالہ حوالدار شہزاد احمد اے جے کے،30سالہ سپاہی اشفاق حسین خان ضلع مظفر آباد،22 سالہ سپاہی سبحان مجید رہائشی ضلع مظفر آباد آزادجموں وکشمیر،30 سالہ سپاہی امتیاز خان رہائشی ضلع کرک، 26سال سپاہی ارسلان اسلم رہائشی ضلع بہاولپور اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے34سالہ لانس نائیک سبز علی رہائشی لکی مروت شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی کی یہ گھناؤنی کارروائی حافظ گل بہادر گروپ نے کی ہے جو افغانستان سے کام کرتا ہے، یہ گروپ ماضی میں بھی پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں کے لئے افغان سرزمین استعمال کرتا رہا ہے۔آئی ایس پی آرنے بتایاکہ افغانستان کی عبوری حکومت ایسے عناصر کے خلاف موثرکارروائی کرے، افغانستان سے آنے والے ان خطرات کے خلاف مناسب سمجھے جانے والے تمام ضروری اقدامات کریں گے جبکہ مسلح افواج دہشتگردی کی اس لعنت کے خلاف مادر وطن اور اس کی عوام کا دفاع کرتی رہیں گی۔