جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداروں اور برطانوی ممبران پارلیمنٹ کی جانب سے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش

بریڈ فورڈ، برطانیہ(صباح نیوز) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداروں اور برطانوی ممبران پارلیمنٹ کی جانب سے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اس سلسلے میں13 جولائی 1931 کے 22 شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے برطانیہ کے مختلف شہروں میں تحریکی عہدیداروں نے نو منتخب برطانوی ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کیں۔ ممبر برطانوی پارلیمنٹ اینڈریو گوئن اور ناز شاہ کی جانب سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کا اعلان اور دنوں راہنماوں نے تحریکی عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 13 جولائی1931 کا دن تاریخ کا سیاہ دن ہے جس دن نہتے کشمیریوں کو بھارت کی جانب سے شہید کر دیا گیا۔ اینڈریو گوئن نے کہا تاحال اس خطہ میں مشکلات ہیں اور اس خطہ میں خطرات موجودہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کوشش کریں گے مسئلہ کشمیر کا پر امن حل نکالا جا سکے تا کہ کشمیریوں کو بھی انسانی حقوق میسر آ سکین اور وہ بھی خوشحال اور پرامن زندگی بسر کر سکیں۔ برطانیہ کے انتخابات کے بعد مختلف شہروں میں تقریبات منعقد کرنے کا باقاعدہ آغاز۔ بڑی تقریبات مانچسٹر، ہاوس آف کامنز لندن، برمنگھم اور بریڈ فورڈ میں منعقد کی جائیں گی۔ 13 جولائی 2024 سے شروع ہونے والی یہ تقریبات 15 اگست 2024 تک برطانیہ کے مختلف شہروں میں جاری رہیں گی اور سفارتی محاذ پر تحریک آزادی  کشمیر کو منظم کرنے کے لئے تحریکی عہدیدار، نو منتخب ممبران برطانوی پارلیمنٹ، وزرا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے علاوہ مختلف یونیورسٹیز، کالجز، تھنک ٹینکس اور ٹریڈ یونینز کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے اور سب کی حمایت حاصل کر کے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اپنی آواز بلند کریں گے۔

حالیہ برطانوی عام انتخابات کے دوران تحریکی عہدیداروں نے جہاں پچاس سے زائد برطانوی ممبران پارلیمنٹ کے حلقوں میں جا کر کشمیر دوست امیدواروں کی حمایت کر کے انہیں جہاں الیکشن میں بھرپور معاونت کی وہاں مختلف سیاسی جماعتوں میں متحرک کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مل کر کشمیر دوست ممبران پارلیمنٹ کے مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، مسئلہ کشمیر کی سنگینی، مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے بارے میں بریفنگ بھی دی اور انہیں اپنا ہمنوا بنانے کے لئے بھرپور کوششیں کیں۔ اسی سلسلہ کو مذید تقویت دینے کے لئے تحریکی عہدیدار برطانیہ کے مختلف شہروں میں کشمیرسیمینارز، کشمیر کانفرنسیں، مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے با اثر شخصیات سے ذاتی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مختلف برطانوی ممبران پارلیمنٹ کی طرف سے آرگنائز کی گئی مختلف تقریبات میں بھی شرکت کر رہے ہیں ممبران پارلیمنٹ جہاں مقامی سیاسی کارکنوں کا شکریہ ادا کر رہے ہیں وہاں تحریکی عہدیداروں کا بھی شکریہ ادا کر رہے ہیں

جنہوں نے ان کی انتخابی مہم میں نہ صرف ان کی معاونت کی بلکہ کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کو بھی اس بات پر آمادہ کیا کہ وہ کشمیر دوست امیدواروں کو بھاری اکثریت سے ممبران برطانوی پارلیمنٹ منتخب کروائیں۔ تحریکی عہدیداروں کی اسی انتھک محنت اور کوششوں کا سلسلہ ہے کہ برطانیہ کے مختلف شہروں میں منتخب ممبران برطانوی پارلیمنٹ کی بڑی تعداد جن کی تعداد ایک سوسے زیادہ ہے وہ تمام کشمیر دوست ممبران ہیں جو برطانوی ممبرپارلیمنٹ منتخب ہو چکے ہیں جنہوں نے ماضی میں بھی ہماری بھرپور سپورٹ کی ہے اور کشمیریوں کی آواز کو برطانوی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بلند کیا ہے اور مستقبل میں بھی مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے۔ اس سلسلہ میں تحریکی عہدیداروں نے بریڈ فورڈ سے برطانوی پارلیمنٹ کے نو منتخب ممبران ناز شاہ، عمران حسین، مانچسٹر سے ممبر برطانوی پارلیمنٹ افضل خان، مانچسٹر سے ممبر پارلیمنٹ جیف سمتھ، کونر رینڈ، ایندریو گوئن، آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کی چیئر پرسن ڈیبی ابراھمز، آل پارٹیز پاکستان پارلیمنٹری گروپ کی چیئر پرسن بیرسٹر یاسمین قریشی، سٹوک کے تینوں ممبران پارلیمنٹ، شیفیلڈ کی پہلی یمنی ممبر پارلیمنٹ، ابتسام محمد اور کمیونٹی کے تمام راہنماوں سے ملاقاتیں کر کے جہاں مستقبل کے پروگراموں کو حتمی شکل دی وہیں اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ برطانیہ میں بسنے والے کشمیری مقبوضہ کشمیر کے عوام کا کیس، کشمیری اسیران کا کیس، حریت پسندوں پر ہونے والے بھارتی مظالم اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے خواتین، بچوں، بوڑھوں اور نوجوانوں پر ہونے والے بد ترین تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالہ سے ممبران برطانوی پارلیمنٹ کو ماضی میں بھی بریفنگ دیتے چلے آ رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ممبران برطانوی پارلیمنٹ کی حمایت سے مسئلہ کشمیر کو برطانوی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اٹھاتے رہیں گے اور اس سلسلہ میں باقاعدہ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اگلے چند دنوں میں سیاسی کارکنوں، انسانی حقوق کے کارکنوں، ممبران برطانوی پارلیمنٹ، میڈیا اور دیگر با اثر اداروں اور شخصیات کو مسئلہ کشمیر پر اپنا ہمنوا بنانے کے لئے مختلف پروگرامز منعقد کئے جائیں گے تا کہ مستقبل قریب میں برطانیہ کی نو منتخب حکومت کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے کشمیریوں کا نقطہ نظر پیش کر کے بھرپور حمایت حاصل کر سکیں۔ اس موقع پر جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین، ستارہ پاکستان نے کہا کہ ہماری ٹیم کے عہدیداران نے برطانوی نائب وزیر اعظم انجیلا رائنر، چانسلر ریچل ریوز، مختلف وزرا، شیڈو جسٹس سیکرٹری شبانہ محمود، مختلف شہروں سے منتخب ہونے والے برطانوی ممبران پارلیمنٹ جنہوں نے وزارتیں حاصل کر لی ہیں ان کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے اور انہیں جہاں مبارک باد کے پیغامات دیئے ہیں وہیں انہیں کشمیریوں کی حمایت کے لئے نئی حکومت، نئے وزیر اعظم اور نئے وزیر خارجہ سے مسئلہ کشمیر کے لئے آواز بلند کرنے کے لئے خصوصی اپیل بھی کی ہے۔ اس سلسلہ میں آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کی چیئرپرسن ڈیبی ابراھمز نے خصوصی طور پر تحریکی راہنماں سے وعدہ کیا ہے کہ وہ بہت جلد کشمیر کے حوالہ سے برطانوی وزارت خارجہ کی ٹیم سے ملاقات کریں گی اور کشمیریوں کا نقطہ  نظر آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹر ی گروپ کی سرگرمیوں اور مقبوضہ کشمیر کے تازہ ترین حالات سے انہیں آگاہ کریں گی۔

اس سلسلہ میں تحریکی عہدیداران برطانیہ کے مختلف شہروں میں جا کر ان ممبران برطانوی پارلیمنٹ کے ساتھ بھی ملاقاتیں کر رہے ہیں جن کے حلقوں میں انتخابات کے دوران وہ شرکت نہیں کر سکے اور انہیں جہاں کشمیریوں کی جانب سے مبارک باد پیش کر رہیں ہیں وہیں انہیں کشمیریوں کے نقطہ  نظر سے بھی آگاہ کر رہے ہیں، مقامی کمیونٹی کے مسائل سے بھی آگاہ کر رہے ہیں اور انہیں مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں کشمیریوں کی معاونت کے لئے آمادہ کر رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں تحریکی عہدیداروں نے جہاں انتخابی مہم کے دوران جہاں جہاں بھی کشمیر دوست امیدواروں کی حمایت کی ہے وہیں ان ان علاقوں میں آئندہ چند دنوں میں کشمیر سرگرمیوںکا سلسلہ شروع کر رہے ہیں تا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں ہونے والے تقریبات، کشمیر کانفرنسوں اور سیمینارزمیں زیادہ سے زیادہ ممبران برطانوی پارلیمنٹ شریک ہو سکیں اور کشمیریوں کا پیغام واضح انداز میں پوری دنیا تک پہنچ سکے۔

اس موقع پر تحریکی عہدیداروں نے شیفیلڈ، بریڈ فورڈ اور آلٹرچم میں ممبران پارلیمنٹ کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جانب سے اور اپنی جانب سے اس بات پر بھی آمادہ کیا کہ وہ ریاست جموں وکشمیر کے تازہ ترین حالات کے حوالہ سے آزادجموں وکشمیر، مقبوضہ کشمیر، پاکستان اور ہندوستان کا دورہ کریں اور  بیرون ممالک بسنے والے خصوصا برطانیہ میں بسنے والے کشمیریوں کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی ہماری معاونت کریں۔اس موقع پر جن دیگر راہنماں نے شرکت کی ان میں تحریک کے سرپرست اعلی سردار عبدالرحمان خان، چیئرپرسن انٹرنیشنل لابی آن کشمیر کونسلر یاسمین دار، تحریک کی برطانیہ کی چیئر پرسن کونسلر نائلہ شریف، تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد اعظم، تحریک کے چیئرمین یوتھ ذیشان عارف، تحریک کے برطانیہ کے جنرل سیکرٹری جاوید طارق و دیگر شامل ہیں۔