سیاسی قوتوں کے خلاف طاقت کے استعمال سے سیاسی انتشار مزید بڑھے گا،مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد (صباح نیوز)جے یو آئی (ف) کے سربراہ سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سیاسی قوتوں کے خلاف طاقت کا استعمال مسائل کا حل نہیں،اس سے سیاسی انتشار مزید بڑھے گا،تمام ادارے آئین کے مطابق طے شدہ دائرہ کار میں سمٹ جائیں تو ملک سنبھل سکتا ہے، طاقتور حلقے جتنا جلد اس حقیقت کو سمجھ جائیں گے،ملک اور خود ان کے لئے اتنا بہتر ہو گا، بصورت دیگر بگاڑ بڑھے گا، ملک کو سیاسی بحران سے نکالنے کا واحد حل شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات ہیں۔

اپنے ایک بیان میں مولانا فضل الرحمان نے مزیدکہا ہے کہمقتدرہ تسلیم کر لے کہ موجودہ ہائبرڈ نظام ناکام ہو چکا ہے،سارے مسائل کا حل ملک میں از سر نو  شفاف انتخابات کرانے میں مضمر ہے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی بحران کو حل کرنے کے لئے فوج کو سیاست سے الگ ہونا پڑے گا،جب تک فوج خود کو سیاست سے الگ نہیں کرتی اس وقت  تک ملک بحران سے نہیں نکل پائے گا۔

دوسری طرف  ترجمان جے یو آئی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں پر پابندی کی باتیں مناسب نہیں ۔ حکومتی ڈرامہ اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے  ہے۔ پابندی سیاسی مسائل کا حل نہیں ہے۔ ایسے فیصلے سیاسی ومعاشی بحرانوں میں اضافے کا باعث ہونگے۔ ایسے فیصلے سیاسی نہیں آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتے ہیں ۔اصل عوامی مسائل پر وزرا توجہ نہیں دے رہے ۔مہنگائی اور ٹیکسز کی بھر مار نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے ۔ سیاسی مسائل طاقت سے نہیں سیاسی میدان میں حل ہوتے ہیں ۔