اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کو بلوچستان پولیس کے حوالے کر دیاجبکہ صنم جاوید کے والد نے بیٹی کی بازیابی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ صنم جاوید کے والد اقبال نے درخواست میں وفاقی حکومت، ایف آئی اے ، آئی جی اسلام آباد و دیگر کو فریق بنایا ہے۔ انہوں نے اپیل میں موقف اپنایا کہ صنم جاوید کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کرنے اور غیر قانونی حراست سے فوری رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔
والد نے استدعا کی کہ صنم جاوید کے خلاف مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے اور ان کے خلاف درج مقدمات پر کارروائی کو روکا جائے۔ اپنی درخواست میں انہوں نے اپیل کی کہ عدالت صنم جاوید کو حراست میں لیے جانے یا اغوا کرنے کے عمل کو غیر قانونی قرار دے۔ اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید کو بلوچستان پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی جانب سے رہائی کے بعد پی ٹی آئی کی رہنما صنم جاوید کو اسلام آباد پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔