پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ملک بھر کی طرح اتوار کو صوبہ خیبر پختونخوامیں بھی احتجاجی دھرنے دیئے گئے۔ پشاور میں بھی جماعت اسلامی پشاور کے زیر اہتمام بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ،بجلی قیمتوں میں اضافہ،بیجاٹیکسزاور بد امنی کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے زبردست احتجاجی دھرنا دیا گیا جس کی قیادت جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع ، قائم مقام امیر جماعت اسلامی پشاور حمد اللہ جان جنرل سیکرٹری ھدایت اللہ اور دیگر رھنماکر رہے تھے۔
دھرنے کے شرکا نے مرکزی وصوبائی حکومتوں کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی ۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھ رکھ تھے جس پر حکومتوں اور واپڈا کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے کہا کہ 26 جولائی کو اسلام آباد میں دئیے جانے والے دھرنے میں خیبرپختونخوا سے لاکھوں افراد شریک ھونگے اور جماعت اسلامی کا اسلام آباد دھرنا حکومت کی تابوت میں آخری کیل ثابت ھو گا انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا وہ واحد صوبہ ہے جہاں بجلی کی پیدوار بھی زیادہ ہے اور بجلی سستی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آٹھ ہزار میگا واٹ سے زیادہ بجلی پید اکرتے ہیں جبکہ ہماری ضرورت 25سو میگا واٹ جس پر ایک روپے سے تین روپے یونٹ لاگت آتی ہے۔ اگر ہمیں اپنی پیداکردہ بجلی بھی مل جائے تو ایک سیکنڈ کے لیے لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ لوڈشیڈنگ خیبرپختونخوا میں ہے جس کی وجہ سے کارخانے بند پڑے ہیں، بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے جس سے نوجوان نشہ کی لعنت میں پڑ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی بدامنی اور لوڈشیڈنگ کے خلاف اس تحریک کو منظم کریں گے اور خیبر پختونخوا کے عوام اور جماعت اسلامی کے کارکنان ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے۔ ہم میدان میں نکلیں گے اور حکومت کو مجبور کریں گے کہ ہم اضافی قیمتوں کو نہیں مانتے۔ جماعت اسلامی عوام کا مقدمہ لڑنے کے لیے سڑکوں پر نکل چکی ہے۔ ہم عوام کے حقوق کی یہ جنگ جاری رکھیں گے۔ ہم خیبرپختونخوا میں مزید لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ برداشت نہیں کریں گے۔ جماعت اسلامی کے احتجاجی دھرنے سے قائم مقام امیر جماعت اسلامی پشاور حمد اللہ جان، جنرل سیکرٹری ھدایت اللہ، سراج الدین قرشی،ذیشان اسلم، پروفیسر فخر عالم ،سیف الرحمن درانی جاوید گل اور دوسرے مقررین نے بھی خطاب کیا۔ بنوں میں احتجاجی دھرنے کی قیادت امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کی۔ بنوں کے علاوہ مردان شہر، ہری پور، چترال، بونیر اور دیگر شہروں میں جماعت اسلامی کے مہنگائی، بدامنی اور بجلی میں ٹیکسز کے اضافے کے خلاف بھرپور احتجاج کیا گیا۔ صوبے کے دیگر اضلاع میں کل بھی احتجاج کیا جائے گا اور 26 جولائی کو اسلام آباد میں ہونے والے دھرنے کے لیے لوگوں آگاہی دی جائے گی۔