اسلام آباد(صباح نیوز) قومی احتساب بیورو نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کینئے توشہ خانہ کیس میں گرفتاری ڈال دی۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر نیب محسن ہارون کی سربراہی میں نیب ٹیم نے دونوں کو گرفتار کیا۔قبل ازیں لاہور میں درج 9 مقدمات کے تفتیشی افسران بھی اڈیالہ جیل پہنچ گئے، لاہور پولیس کی ٹیم ایس پی کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی۔
لاہور پولیس کی ٹیم انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی سے اجازت لے کر اڈیالہ جیل پہنچی۔ لاہور پولیس کی جانب سے بانی بی پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈالے جانے کا امکان ہے۔لاہور پولیس کی ٹیم قانونی ضابطے مکمل کرنے کے بعد اڈیالہ جیل کے اندر چلی گئی اور ابتدائی طورپرلاہورپولیس کے 3 ممبران اڈیالہ جیل اندر روانہ ہوئے۔اڈیالہ جیل کے اندر روانہ ہونے والے افسران میں انسپکٹر منیر،ارحم اور اکمل شامل ہیں۔دوسری جانب 9 جولائی کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کی 9 مئی کے تین مقدمات میں عبوری ضمانت خارج کر دی تھی۔
نجی ٹی وی کے مطابق 9 مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی منسوخی کے بعد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی گرفتاری نہیں ڈالی۔ لاہورکی انسداددہشت گردی عدالت نے ضمانتیں منسوخی کا تحریری فیصلہ دوروزقبل جاری کیا۔ اڈیالہ جیل کے ریکارڈ میں بانی پی ٹی آئی ان کیسوں میں گرفتار نہیں۔ادھر پی ٹی آئی کارکنان اڈیالہ جیل پہنچنا شروع ہوگئے، پی ٹی آئی کے کارکنان کو اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر ایک پر روک دیا گیا۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کی عدالت نے عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے انہیں بری کردیا ہے تاہم فوری طور پر عمران خان کی رہائی ممکن نہیں ہوئی۔تاہم سیشن عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی عدت کیس میں رہائی کی روبکار جاری کردی تھی۔ عمران خان 9 مئی کے راولپنڈی میں درج 12 کیسز میں ضمانت پر ہیں۔