اسلام آباد (صباح نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے جرمن اراکین پارلیمنٹ کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔وفد کی قیادت جرمن پارلیمنٹ کے سینیئر ممبر مائیکل ملر کررہے تھے وفد میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی جرمنی کی سینیئر ممبر رکن پارلیمنٹ دیریا ترک نچبار، ممبر پارلیمنٹ کرسٹو فر سکمڈ ، جرمن ادارہ ایف ای ایس ساتھ ایشیا کے ڈیسک آفیسر مارٹن مدر، کنٹری ڈائریکٹر پاکستان فیلیکس کولبٹس، پروگرام ایڈوائزر ہمایون خان اور دیگر حکام شامل تھے.
گورنر خیبرپختونخوا کے ہمراہ وفد میں رکن صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی اور دیگر حکام شامل تھے ۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی پاکستان میں متعدد شعبہ جات میں گراں قدر کام کررہا ہے ،خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی صورتحال تشویش ناک ہے، خیبرپختونخوا میں بدامنی کی وجہ افغانستان سے مداخلت بتائی جاتی ہے، افغانستان کے حالات براہ راست میرے صوبہ پر اثرانداز ہوتے ہیں، 2013 میں جب خیبرپختونخوا میں پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت تھی تو ہم نے آئین اور جمہوری سسٹم کے خلاف سرگرم عوامل کے خلاف کامیاب آپریشن کیا اور عوام کو دوبارہ وہاں بسایا مگر ماضی قریب میں سرحد پار سے مسلح افراد کی بڑی تعداد خیبرپختونخوا میں داخل ہوئی اور اب صوبہ میں امن کی صورتحال پریشان کن ہے، عوام کا اپنی قیادت سے اعتماد ختم ہورہا ہے ہمارے ملک میں بدامنی سے خطہ میں بدامنی ہوگی اور اس سے یقینا عالمی امن متاثر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی بدولت چین کے بھی پاکستان اور افغانستان میں مفادات موجود ہیں ۔ واخان کے زریعے تجارتی روٹ کے آغاز سے میرے صوبہ میں معاشی ترقی ہوگی ہمارے قائد ذوالفقار علی بھٹو شہید نے لواری ٹنل چترال اسی لیئے بنائی تھی کہ وسط ایشیا سے ہم تجارت کو فروغ دیں ایران نے تاجکستان میں ڈیم بنایا ہے اور بجلی ایران استعمال کرتا ہے تو کیوں نہ پاکستان اس سہولت سے فایدہ اٹھائے مگر افغانستان کے حالات کے سبب جہاں بھی میرا صوبہ ایک بڑی سہولت سے محروم ہے
انہوں نے جرمن اراکین پارلیمنٹ کے وفد کو اگلے دورہ پاکستان میں پشاور آنے کی بھی دعوت دی۔ جرمن اراکین پارلیمنٹ کے وفد کے سربراہ مائیکل ملر نے کہا کہ ہم اپنی جانب سے کوشش کرینگے کہ جرمنی اور عالمی برادری پاکستان میں قیام امن اور سرحد پار مداخلت روکنے میں کردار ادا کرے انہوں نے گورنر خیبرپختونخوا کو یقین دلایا کہ صوبہ میں عوامی ترقی کے حوالے سے جرمن ادارے مذید تعاون کرینگے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی دنیا کے امن کے لیئے ضروری ہے یہاں کے شہریوں کی قربانیاں دنیا تسلیم کرتی ہے جرمنی جمہوریت کی بالادستی ، عوامی خوشحالی اور اداروں اور عوام کے درمیان اچھے تعلقات کو ریاستی ترقی کے لیئے بنیادی اکائی تصور کرتا ہے، وفد نے گورنر خیبرپختونخوا کی پشاور آنے اور گندھار تہذیب اور دیگر تاریخی مقامات کے وزٹ کے دعوت قبول کی ، خیبرپختونخوا اسمبلی کے ایم پی اے احمد کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دنیا کا بدھ مت کا سب سے بڑا میوزیم ہے ،ہمارا صوبہ گندھارا تہذیب کا مرکز اور چھ مزاہب کا محور رہا ہے ،یہاں ٹورازم کے فروغ اور تہذیب کے تحفظ میں جرمن ادارے تعاون کریں ۔