کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،یوسف رضا گیلانی

 اسلام آباد (صباح نیوز) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستان کبھی بھی کشمیریوں کو اکیلا نہیں چھوڑے ۔ یوم شہدائے کشمیر پر اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہدائے کشمیرکی لازوال قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرتا ہوں، بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں،بھارت نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی اور ظالمانہ قبضہ کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہدائے13جولائی 1931 کی تحریک آزادی کے آبائو اجداد تھے،آزادی کی خاطر کشمیری نسل در نسل قربانیاں دے رہے ہیں،کشمیری ہندوتوا حکومت کی ان کی شناخت کے خاتمے کی سازش کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے،مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک تحریک آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے،بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خاتمے کا دن دور نہیں، کشمیر کے شہدا نے حق خودارادیت کی جدوجہدکوتازہ کیا، کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کبھی بھی کشمیریوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گا۔