بانی پی ٹی آئی کے مذاکرات کے لئے 3شرائط

 راولپنڈی(صباح نیوز)  بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مذاکرات کے لئے 3شرائط رکھ یئے جبکہ نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ بھی کردیا۔اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پانڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔مخصوص نشستوں کے فیصلے سے متعلق سوال کے جواب میں اب کیا فائدہ حکومت میں آنے کا، اسٹیبلشمنٹ کو صاف اور شفاف انتخابات کرانے ہوں گے، مخصوص نشستیں ملنے کے بعد کسی جوڑ توڑ کا حصہ نہیں بنیں گے۔بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ میں مذاکرات کیلئے تیار ہوں لیکن ہماری 3 شرائط ہیں۔ پہلی شرط میرے کیسز ختم کریں، دوسری شرط ہمارے لوگوں کو رہا کریں اور تیسری شرط ہمارا مینڈیٹ واپس کریں۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میں نے جنرل باجوہ سے 2 مرتبہ مذاکرات کیے، ہم نے اس وقت اسد عمر، پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی بنائی۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اس وقت ہمیں بتایا گیا بڑے صاحب انتخابات نہ کرانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ 8فروری کا ڈاکا نہیں بھولا جاسکتا، بھوک ہڑتال کرونگا اور اسے ہم عالمی سطح پر اجاگر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں،ہماری مخصوص نشستوں کے بارے میں سپریم کورٹ کا فیصلہ مثبت پیش رفت ہے۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے عوام کو امید ملی ہے، اللہ کا شکر ہے سپریم کورٹ کے جج قانون کی بالادستی کیلئے کھڑے ہوگئے ہیں۔