اسلام آباد (صباح نیوز)بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مخصوص نشستوں سے متعلق عدالتی فیصلہ کے تناظر میں مطالبہ کیا ہے کروڑوں پاکستانی ووٹرز اور سب سے بڑی سیاسی جماعت کے حمایتوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت فوجداری کارروائی کی جائے۔عمران خان نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا ہے کہ میں نے چیف الیکشن کمشنر کے اپنے اور پاکستان تحریک انصاف کے خلاف بغض و تعصب کی بار بار نشاندہی کی ہے اور اس باب میں پیہم تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے، جس نے تحریک انصاف کے خلاف الیکشن کمیشن کی بدنیتی اور تعصب کو ثابت کیا ہے، سے ہمارے مقف پر مہرِ تصدیق ثبت ہوئی ہے۔ ہم کروڑوں پاکستانی ووٹرز اور پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے حمایتوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت فوجداری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ سکندر سلطان راجہ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اراکین فی الفور مستعفی ہوں۔ اس کے ساتھ میں ایک مرتبہ پھر دہراتا ہوں کہ جسٹس قاضی فائز عیسی لازما خود کو میرے اور پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تمام مقدمات سے الگ کریں۔