تمام سٹیک ہولڈرز کا ایک پیج پر آنا ملک کیلئے ضروری ہے،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز کا ایک پیج پر آنا ملک کے ضروری ہے، اسلام آباد میں احتجاج اور دھرنا عوامی امنگوں کا ترجمان ہوگا،جماعتِ اسلامی ہی اِنشا ا اللہ ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔

لیاقت بلوچ نے منصورہ مرکزی سیاسی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی بجٹ عوام دشمن، آئی ایم ایف کی شرائط پر ملک کی آزادی کے لئے بربادی ہے۔ میاں شہباز شریف گذشتہ تین سالوں میں دو مرتبہ وزیراعظم بن گئے، میاں نواز شریف کی انتخابات سے پہلے پاکستان آمد پر معاشی انقلاب کے بڑے دعوے کئے گئے، اگرچہ وہ وزیراعظم نہ بن سکے لیکن کیا وہ اپنے بھائی کو وہ  انقلابی منصوبے نہیں دے سکتے جن کا وہ بڑے زور و شور سے دعویٰ کررہے تھے؟ حقیقت یہ ہے کہ دونوں مرتبہ کی اتحادی حکومت ناکام ترین حکومتیں اور ملک و مِلت کے لئے بڑا عذاب بنی ہوئی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ 76 سال کی تاریخ بالکل عیاں ہے کہ اب ملک چلانا جاگیرداروں، سرمایہ داروں، نودولتیوں، مادرپدر آزاد سیکولر قیادتوں اور جماعتوں کے بس کا روگ نہیں، آزادی کے بعد اقتدار پر قابض سِول-ملٹری اسٹیبلشمنٹ اور اِن کے حواری مقتدر سیاسی قوتوں نے ملک کو نظریاتی، اخلاقی، انتظامی اور اقتصادی اعتبار سے ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے محب اسلام، محب وطن عوام کو تخیلات اور مال و دولت کے جھوٹے پروپیگنڈہ کے سحر سے نکلنا ہوگا اور اہل، دیانت دار، عوام کی خدمت گزار قیادت کا ساتھ دینا ہوگا، ہمارے ملک میں امیر جماعتِ اسلامی کے عوامی ربطے اور فقید المثال عوامی جلسے امید کی نئی کِرن ہیں۔ جماعتِ اسلامی ہی اِنشا ا اللہ ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔ لیاقت باغ راولپنڈی مری روڈ پر احتجاجی کیمپ کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کیا آپ سننے کے لئے تیار ہیں کہ آپ کی حکمرانی میں دوسری مرتبہ کا اتحاد و اقتدار پاکستان کو سری لنکا، لبنان، کینیا، روانڈا کی سطح پر دھکیل کر لے جارہا ہے۔ ہوسِ اقتدار میں 25 کروڑ عوام کے لئے  عذاب کو بند، قومی اتفاقِ رائے سے تمام سٹیک ہولڈرز کا ایک پیج پر آنا ملک کے لئے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی بحران، بجلی لوڈشیڈنگ اور ناقابلِ برداشت یوٹیلٹی بلز وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے زوال کا باعث تو بن جائیں گے لیکن نااہل اور بیڈگورننس کے ماہر قابض حکمران جمہوریت، آئین اور پارلیمانی نظام کے لئے بڑا خطرہ بن گئے ہیں۔ اسلام آباد میں احتجاج اور عوامی دھرنا عوامی امنگوں کا ترجمان ہوگا۔ جماعتِ اسلامی عوام کو تنہا اور لاوارث نہیں چھوڑے گی، مہنگائی کے خاتمہ، نااہل حکمرانی سے نجات کی جدوجہد تیز تر ہوگی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ امانت و دیانت کا نظام ہی بلیک اکانومی کا خاتمہ کرے گا۔ انتخابات اور انتخابی نظام استحکام کا ذریعہ اسی وقت بنے گا جب عوامی مینڈیٹ تسلیم ہوگا، آئین کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی اور سیاست، معیشت، حکومت اور ریاستی اداروں کو آئین کی پابندی قبول کرنا ہوگی، 25 کروڑ عوام کا اعتماد اور یقین بحال ہوجائے تو سب بحران ختم ہوجائیں گے۔