باجوڑ(صباح نیوز)ریاست خیبر پختونخوا کے عوام کو جینے کا حق دے۔ ہمیں تجربہ گاہ نہ بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی ر ہنماء اورڈائیریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی نے جمعہ کو باجوڑ میں دھشت گردی کے واقعہ میں شہید ھونے والے سینیٹر ہدایت اللہ اور ان کے ساتھیوں کے اھل خانہ سے تعزیت کے بعد اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ھوئے کیا۔ وہ سابق گورنر انجنئیر شوکت اللہ اور جماعت اسلامی کے رہنماء ملک ایاز خان کے گھر فاتحہ خوانی کے لئے گئے۔
آصف لقمان قاضی نے کہا کہ 12 جولائی کو خیبر پختونخوا کے عوام امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی کال پر اپنے دستوری حقوق کے لئے پارلیمنٹ کے سامنے جمع ھوں گے۔انہوں نے کہاکہ امن و امان کا قیام ریاستی اداروں کی ذمہ داری ھے۔ کسی فوجی آپریشن کی ضرورت نہیں ھے، گورننس اور اینٹیلیجنس کی کمزوریوں کو دور کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ عوام کی کمر پر ٹیکسوں کا انبار لاد دیا گیا ہے، لیکن اس کے بدلے میں ریاست اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی۔ آصف لقمان نے کہاکہ افغانستان کے ساتھ بامعنی مذاکرات کئے جائیں اور دھشت گردی کے مسئلے کا حل تلاش کیا جائے۔ قطع تعلق کرنا اور تجارت بند کر دینا کوئی حل نہیں ھے۔ خیبر پختونخوا کے عوام کا احساس ھے کہ ان کا کوئی والی وارث نہیں ہے۔ حکومت سیاسی قیادت کو اعتماد میں لے۔