اسلام آباد (صباح نیوز) برہان مظفر وانی شہید کی برسی کے سلسلہ میں آل پارٹیز حریت کانفرنس اور جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام آٹھ جولائی کو بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ جس میں وزرا حکومت، حریت قائدین اور راولپنڈی اسلام میں مقیم کشمیری کمیونٹی اور میڈیا کے نمائندگان شریک ہوں گے۔
اس بات کا فیصلہ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے دفتر میں ایک اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی۔جموں و کشمیر لبریشن سیل کی نمائندگی نجیب الغفور خان انچارج میڈیا اور راجہ راشد رضا نے کی جبکہ اس موقع پر سابق کنوینر محمود احمد ساغر ،داود خان یوسفزئی، سیکرٹری جنرل ایڈوکیٹ پرویز احمد، سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ اور چوہدری شاہین اقبال بھی موجود تھے۔