اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے جمعرات کو اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے کنوینر غلام محمد صفی اور دیگر حریت قیادت سے ممتاز کشمیری حریت رہنما غلام نبی نوشہری کی وفات پر تعزیت کی اور مرحوم کے حق میں بلندی درجات ، ایصال ثواب اور مغفرت کی دعا کی۔ملاقات میں کشمیر کی موجودہ گھمبیر صورتحال پر تفصیلی گفتگو ھوئی،اس موقع پر شاہ غلام قادر نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت ، ڈیموگرافی کی تبدیلی،زمینیں چھیننے اور لوگوں کو ان سے ان کی ملازمتوں سے برخواست کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ھے۔جب تک نہ بھارت کشمیریوں کو ان کا حق حق خود ارادیت دیتاہے۔پاکستان ہر فورم پر اس مسئلہ کو اٹھاتا رہیگا۔
ملاقات میں انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام شہید برھان وانی کی برسی کے موقعہ پر کراچی اور اسلام آباد میں منعقد ھونے والی احتجاجی ریلی و مظاہرے میں بھر پور شرکت کی یقین دہانی کرائی۔اس ملاقات میں سابق کنوینر محمود احمد ساغر سمیت جنرل سکریٹری پرویز احمد،سکریٹری انفارمیشن مشتاق احمد بٹ، شیخ عبدالمتین ،چوہدری شاہین اقبال، زاھد صفی،امتیاز وانی،محمد مظفر اور منظور احمد ڈار شامل تھے۔