پیپلز پارٹی کا کل (جمعہ کو)سندھ بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان

کراچی(صباح نیوز )پیپلز پارٹی نے 5 جولائی 1977 کے مارشل لا  کے خلاف جمعہ کو سندھ بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے  ۔پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے ایک بیان میں کہا کہ  5 جولائی 1977 کے ضیاالحق کے آمرانہ اقدام اور شہید بھٹو کی جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کے خلاف جمعہ کو سندھ کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔  نثار کھوڑو نے کہا کہ  ملک میں جمہوریت کا تسلسل 18 ویں ترمیم کے ذریعے آئین سے 58 ٹو بی کی شق کے خاتمے کی وجہ سے جاری ہے۔ 18 ویں ترمیم کے ذریعے 58 ٹوبی کا خاتمہ کرکے جمہوری حکومتوں کو گھر بھیجنے کا راستہ ہمیشہ کے لئے بند کردیا گیا آئین کی اصل حالت میں بحالی،18 ویں ترمیم اور 58 ٹو بی کی شق کے خاتمے کا کریڈٹ پارلیمنٹ اور صدر آصف علی زرداری کو جاتا ہے۔۔ 18ویں ترمیم میں آئین توڑنے والوں کو آرٹیکل 6 کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔

ماضی مں رات کے اندھیرے میں جمہوری حکومتوں کو گھر بھیج کر آمریت مسلط کی جاتی تھی۔ ملک میں تمام مسائل کا حل جمہوریت کے تسلسل اور پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی میں ہے۔ تمام ادارے اپنے اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کرینگے تو ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا وہ سندھ اسمبلی کی قرارداد کو اہمیت دے کر  ذوالفقار علی بھٹو کو سرکاری طور پر شہید اور قومی جمہوری ہیرو ڈکلیئر کرے۔