پاکستان خطے میں سرمایہ کاری کیلئے موزوں ترین ملک ہے، عمران خان


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت پاکستان خطے بھر میں صنعتوں میں سرمایہ کاری کیلئے اس وقت موزوں ترین ملک ہے، حکومت ترجیحی بنیادوں پر اسپیشل اکنامک زونز کا نظام پلگ اینڈ پلے ماڈل پر یقینی بنا رہی ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت اسپیشل اکنامک زونز پر اعلی سطح کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء شوکت ترین، اسد عمر، حماد اظہر، فواد چوہدری، خسرو بختیار، مشیرِ صنعت و تجارت عبدالرزاق دائود، معاونینِ خصوصی شہباز گِل، خالد منصور، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اظفر احسن اور متعلقہ افسران نے شرکت کی، جبکہ صوبائی وزیرِ صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال اور صوبائی چیف سیکٹریز و افسران نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس کو رشکئی، دھابیجی، بوستان اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے علاوہ ایم 3انڈسٹریل زون پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ایم تھری اکنامک زون میں صنعتوں کے قیام کیلئے 600ایکڑ اراضی میسر کردی گئی ہے، اس کے علاوہ بجلی کی فراہمی کے بعد انفراسٹرکچر پر کام تیزی سے جاری ہے، اجلاس کو سرمایہ کاری بورڈ کی طرف سے مقامی و بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے صنعتوں کے قیام میں آسانی کیلئے اٹھائے گئے حکومت کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا، وزیرِ اعظم نے تمام اقدمات کی معینہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت پاکستان خطے بھر میں صنعتوں میں سرمایہ کاری کیلئے اس وقت موزوں ترین ملک ہے، صنعتوں میں بیرونی سرمایہ کاری سے نہ صرف روزگار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی ممکن ہوگی، حکومت ترجیحی بنیادوں پر اسپیشل اکنامک زونز کا نظام پلگ اینڈ پلے ماڈل پر یقینی بنا رہی ہے، تاریخ میں پہلی مرتبہ اسپیشل اکنامک زونز کے بورڈ آف گورنرز اور انتظامیہ کی تقرری میں میرٹ کی بالادستی اور مفادات کے عدم ٹکرا جیسے پہلوں کو مد نظر رکھا جا رہا ہے۔