وزیر اعظم شہباز شریف کی ازبکستان کے صدر سے ملاقات

آستانہ (صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ازبکستان کے صدرشوکت مرزیوئیف کے درمیان آستانہ، قازقستان میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پرملاقات ہوئی۔وزیراعظم اور ازبکستان کے صدر نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان کثیر جہتی تعلقات , تجارت، روابط، دفاع، سلامتی، ثقافت اور عوام سے عوام کے رابطوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماوں نے اتفاق کیا کہ ازبکستان خطے کے ممالک کے لئے  تجارت کی توسیع کے حوالے سے ایک ٹرانزٹ پوائنٹ ہے ۔ دونوں رہنماوں نے اس حوالے دستیاب مختلف آپشنز کی جانچ شروع کرنے پر اتفاق کیا۔

علاوہ ازیں  دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو بڑھانے کے لیے کراچی پورٹ کو ترمز سے منسلک کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک خوشحال وسطی ایشیا اور بڑھے ہوئے علاقائی روابط کے لیے پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ترجیحی تجارتی معاہدے اور پاکستان ازبکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو عملی جامہ پہنانے سے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ دونوں رہنماوں نے افغانستان, جو خطے کی ترقی اور خوشحالی میں شراکت دار ہو سکتا ہے, کی صورتحال اور پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان اور ازبکستان دونوں کے مشترکہ عزم پر بھی تبادلہ خیال کیا. ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔