اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ سندھ کے امن پر کسی طور کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔وزیرداخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کی صدر مملکت آصف زرداری سے اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں سندھ میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر داخلہ نے صدرمملکت آصف علی زرداری کو کراچی اسٹریٹ کرائم سے متعلق آگاہ کیا جبکہ ضیا الحسن لنجار نے صوبے میں امن و امان اور کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن سے متعلق بریفنگ بھی دی۔
اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے امن وامان کے قیام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا، سندھ میں امن وامان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔صوبائی وزیرداخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری جلد امن و امان پر ایک اور اجلاس منعقد کریں گے۔ضیا الحسن لنجار کا مزید کہنا تھا کہ صدر آصف زرداری امن و امان اور ملکی استحکام اور ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔۔