بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے لیے کشمیر میں 53کنال اراضی الاٹ

سری نگر: مقبوضہ  جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ نے ضلع بارہمولہ میں بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کو 53کنال اراضی الاٹ کردی ہے۔ محکمہ محصولات نے ضلع بارہمولہ کے علاقے کچہامہ میں53کنال اور تین مرلہ اراضی سی آرپی ایف کو منتقل کر دی ہے۔ علاقے پر مسلط بھارتی گورنر کی سربراہی میں نام نہاد انتظامی کونسل نے 07جون کو ایک اجلاس میں اس کی منظوری دی تھی۔یہ زمین تین کروڑ 44 لاکھ روپے کی ادائیگی کے عوض جنرل فنانشل رولز 2017کے رول 310کی دفعات کے تحت پیرا ملٹری فورس کو منتقل کر دی گئی ہے۔

ریگولیشن اینڈ مینجمنٹ ایکٹ2010 کے مطابق سی آرپی ایف منتقلی کے حکم سے 30دنوں کے اندر زمین کا قبضہ لے لے گی اور زمین کو تین سال کے اندر استعمال میں لایا جائے گا۔ایسا نہ کرنے کی صورت میں زمین حکومت کو واپس کر دی جائے گی۔ واضح رہے اگست 2019 میں دفعہ 370کی منسوخی کے بعد ہزاروں کنال اراضی پر بھارتی فورسز نے قبضہ کیاہے۔ اس سے پہلے مقبوضہ جموں وکشمیر میں کوئی غیر کشمیری زمین یا جائیداد خرید نہیں سکتا
تھا۔