کندھ کوٹ،ڈاکوؤں کی چیک پوسٹ پرفائرنگ، 2 اہلکارشہید، ایک ڈاکوہلاک


کندھ کوٹ (صباح نیوز)کندھ کوٹ میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے پولیس چیک پوسٹ ددڑ پر فائرنگ کردی ،2 اہلکار شہید اور ایک ڈاکو ہلاک ،3زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق 20 سے زائد ڈاکوؤں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 اہلکار موقع پر شہید اور2 زخمی ہوگئے ، ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے کچے کی طرف فرار ہو گئے۔ایس ایس پی بشیر بروہی کاکہنا ہے کہ پولیس کی فائرنگ سے ایک ڈاکو بھی ہلاک ہو گیا جبکہ 3 ڈاکو  زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے ،مارے جانے والا ڈاکو نذیر بھیو ڈاکو خادم بھیو کا بھائی ہے، ہلاک ہونے والا ڈاکو 6 دن قبل اغوا ہونے والے تین تاجروں کے اغوا میں ملوث تھا۔

اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اورشہید اہلکاروں کی میتیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔پولیس کے مطابق شہید اہلکاروں میں اللہ ڈنو سبزوئی، نثار احمد کلہوڑو جبکہ زخمی اہلکاروں میں زاہد نصیرانی اور انور چنہ شامل ہیں۔