مولانا غلام نبی نوشہری کی رحلت تحریک آزادی کشمیر کیلئے ایک بڑا نقصان ہے۔ نذیر احمد قریشی


لندن:کشمیر کمپین گلوبل کے سرپرست اعلی اور ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے بانی رہنما و
برطانیہ میں تحریک آزادی کشمیر کے سرگرم سفیر نذیر احمد قریشی نے نائب امیر جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر مولانا غلام نبی نوشہری کی رحلت پر کہا ہے کہ مولانا مرحوم کا تحریک آزادی کشمیر میں کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی رحلت نہ صرف جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر بلکہ پوری تحریک آزادی کشمیر کیلئے ایک بڑا نقصان ہے۔

اس سلسلے میں برطانیہ میں منعقدہ ایک تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نذیر احمد قریشی نے کہا کہ جب بھی تحریک آزادی پر کوئی مشکل مرحلہ آیا  انہوں نے اپنے تجربات اور صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر بہترین کردار نبھایا۔ چاہیے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جماعت اسلامی پر پابندی کا معاملہ ہو یا بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے کیلئے جاری جدوجہد ہو، مولانا مرحوم ہمیشہ آزمائش میں کندن بن کر نکلے۔ یہ ساری خوبیاں اور صلاحیتیں انہیں تحریک اسلامی کے مربانیاں خاص کر مولانا سعدالدین کی تربیت میں حاصل ہوئی تھیں۔

نذیر احمد قریشی نے مزید کہا کہ نوشہری صاحب کی رحلت ایک بڑا چیلنج ہے۔ وہ اپنی ذات میں خود ایک تحریک تھے ۔ ان کے مشفقانہ کردار کو بھولا نہیں جاسکتا ۔مورخ بھی انہیں اچھے الفاظ میں یاد کریں گے ۔تقریب میں مولانا مرحوم،تحریک آزادی کشمیر کے دیگر شہدا اور وفا شعاروں کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گی اور ان کے چھوڑے گئے ادھورے مشن کو پائیہ تکمیل تک پہچانے کا عزم دوہرایا گیا ہے۔