کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ تمام ظالمانہ ٹیکسز ادا کرنے کے باوجود عوام بجلی، پانی اور امن سے کیوں محروم ہیں؟ حکومت عوام کی حالت زار پر رحم کرتے ہوئے بجلی وگیس پر عائد ٹیکسز ختم کرکے عوام کو ریلیف دے،کراچی تا کشمور سندھ میں بدامنی وڈاکو راج اور چند ماہ کے دوران صرف کراچی شہر میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر 80افراد کا قتل امن کے دعویدار حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔شہریوں کی جان ومال کی حفاظت اور قیام امن ہر حکومت کی اولین ذمہ داری ہے مگر پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت اس سلسلے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے،عملی طور پر صوبے میں ڈاکو راج نافذ ہے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں کراچی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور گرمی سے ایک ہزار کے قریب افراد کی اموات پر گھری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک نے رات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی سندھ حکومت کی ہدایت کو بھی ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ہے ،سخت گرمی ،بدترین لوڈشیڈنگ اور مختلف ٹیکسز کی بھرمار کے ساتھ بجلی بلوں نے عوام کو ذہنی مریض بنادیا ہے لیکن کوئی بھی ان سے پوچھنے والا نہیں ہے۔
علاوہ ازیں جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے پریس کلب کے سابق صدر مستجاب الرحمن مدنی کی والدہ کی وفات پر دلی رنج وغم کا اظہارکرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت،درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔