وزیراعظم کی وزیر داخلہ کی سربراہی میں انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے پائیدار حل تلاش کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت

 اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے  انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف استغاثہ کے عمل کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی ہے ،جاری تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں انسانی سمگلنگ کے سد باب کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا ،

اجلاس میں دسمبر 2024 میں یونان کے قریب تارکین وطن کی کشتی کو پیش آنے والے حادثے کے پیش نظر مشتاق سکھیرا کی سربراہی میں تشکیل کی گئی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی ،زیراعظم نے جامع رپورٹ مرتب کرنے پر مشتاق سکھیرا کا شکریہ ادا کیا اور ہدایت کی کہ  ایک ہفتے کے اندر انسانی سمگلنگ کے مکروہ دھندے میں ملوث تمام افراد کو حراست میں لیا جائے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے،

وزیراعظم نے انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف استغاثہ کے عمل کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے استفسار کیا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے سہولت کار سرکاری افسران کے خلاف اب تک تادیبی کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟ وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ بیرون ملک جانے والے تمام افراد کے لیے ویزا کی جانچ پڑتال اور دیگر  قواعد و ضوابط کو موثر بنایا جائے، وزیراعظم نے کہاکہ حکومت پاکستان ملک سے انسانی سمگلنگ کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے،وزیراعظم نے وزیر داخلہ کی  سربراہی میں انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے پائیدار حل تلاش کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ،

اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں انسانی سمگلنگ کے خلاف لیے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ،اجلاس میں دسمبر 2024 کو یونان کے قریب تارکین وطن کی کشتی کو پیش آنے والے حادثے میں پاکستانیوں کی شناخت اور ان کے جسد خاکی کی وطن واپسی کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اداروں کے اعلی افسران شریک تھے