وزیر اعظم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بہبود میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں،شاہ محمود قریشی


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں ،قونصلر سروسز کی بہتر فراہمی کیلئے تمام متعلقہ وزارتوں کے مابین قریبی ربط بہت اہمیت کا حامل ہے ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں سینٹرل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے قونصلر سروسز کے اجلاس کا انعقاد ہوا ،اجلاس میں وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ، وفاقی سیکرٹری وزارت قانون و انصاف، چیئرمین نادرا و دیگر وزارتوں کے سینیئر افسران شریک ہوئے، چیف سیکرٹری پنجاب، ہوم سیکرٹری خیبر پختونخوا نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی

اس موقع پروزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سینٹرل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں تشریف آوری پر آپ سب کو خوش آمدید کہتا ہوں، وزیر اعظم عمران خان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں ہم نے قونصلر سروسز کے حوالے سے بہت سی مثبت تبدیلیاں متعارف کر ائی ہیں، اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، ہمارے بہت سے سفرا نے اس اجلاس میں ورچوئل شرکت کی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فراہم کی جانے والی قونصلر خدمات کی تفصیلات سے آگاہ کیا

وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر سنٹرل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے قونصلر سروسز تشکیل دی گئی جس کا پہلا اجلاس منعقد ہو ا، قونصلر سروسز میں مشین ریڈایبل پاسپورٹ کا اجرا،قومی شناختی کارڈ کی تجدید، ویزا سروسز، شہریت کی تصدیق، ایمرجنسی سفری دستاویزات کا اجرا سمیت بہت سی خدمات شامل ہیں جو پوری دنیا میں ہمارے سفارتخانے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قونصلر سروسز کی بہتر فراہمی کیلئے تمام متعلقہ وزارتوں کے مابین قریبی ربط بہت اہمیت کا حامل ہے، میری ہدایت پر، ہمارے تمام سفرا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کے بروقت ازالے کیلئے باقاعدگی کے ساتھ ”ای کچہریاں”منعقد کر رہے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے، پاور آف اٹارنیز کی تصدیق کو آن لائن بنایا گیا ہے ۔ اس موقع پر چیئرمین نادرا طارق ملک نے وزیر خارجہ کو نادرا کی جانب سے پاکستانی سفارتخانوں میں نئے کھولے گئے نادرا کائونٹرز اور پیش کردہ خدمات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔