ڈسٹر کٹ جیل راولاکوٹ آزاد کشمیر سے بیس قیدی فرار، فائرنگ میں ایک جاں بحق


راولاکوٹ(صباح نیوز)آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ کے ڈسٹر کٹ جیل راولاکوٹ سے بیس قیدی فرار ہوگئے جن میں سے ایک فائرنگ میں مارا گیا، جبکہ باقی 19 کی تلاش کے لئے تمام راستوں کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔

راولاکوٹ جیل میں قیدیوں کے فرار کا واقعہ اتوار کو دن دو سے اڑھائی بجے کے دوران پیش آیا۔ اس دوران ایک قیدی نے مرکزی دروازے پرموجود سنتری کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنایا اورباقی قیدی نکل بھاگے۔ فائرنگ سے ایک قیدی زخمی ہوگیا جو ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ فرار ہونے والے قیدیوں کا سربراہ غازی شہزاد گڑالہ پلندری کا رہائشی تھا،جسے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیاتھا۔

پولیس نے فرار انیس قیدیوں کی تلاش کے لئے ضلع بھر کی ناکہ بندی کر دی ہے اورضلع بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دیاہے۔یاد رہے کہ غازی شہزاد آزاد کشمیر کے ضلع سدھنوتی کے شہر پلندری کے نواحی علاقے گڑالہ کے رہائشی ہیں، وہ کچھ عرصہ پاک آرمی میں بھی سروس کرچکے ہیں، بعد ازاں ایک اور عسکری تنظیم میں شامل ہوئے اور مختلف کارروائیوں میں حصہ لیا، کچھ عرصہ جیل میں رہے اور گذشتہ عام انتخابات میں انہوں نے یونائٹڈ موومنٹ کے ٹکٹ سے پلندری شہر کے حلقے سے الیکشن لڑا۔

چند ماہ قبل غازی شہزاد نے پلندری میں ایک پریس کانفرنس کر کے یہ اعلان کیا تھا کہ ان کی تنظیم پلندری میں ایک تربیتی کیمپ بنانے کا فیصلہ کرچکی ہے، جس کا مقصد آزادی کشمیر کے لیے تحریک چلانا، نوجوانوں کو تربیت دینا غیر ریاستی جماعتوں کی سرگرمیاں محدود کرنا اور جن لوگوں نے لوٹ مار کی ان کا محاسبہ کرنا شامل ہے۔پریس کانفرنس کے کچھ روز بعد جمعہ کے روز غازی شہزاد کو ہجیرہ کے قریب سے حراست میں لے لیا گیا تھا جن پر 3 ایم پی او کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جو اطلاعات کے مطابق آج جیل سے فرار ہوچکے ہیں۔

فرار ہونے والوں میںثاقب مجید،فیصل،اسامہ مرتضی ،ساجد نذیر،غازی شہزاد،حیت اللہ، ثکلین ،مقرم فیصل،عامر عبداللہ ،آصف،سہیل رشید،شامیر،نادر یاسین،عثمان افراد،عمامم مصطفی ،فیضان عزیز،شبیر عاقی ،نعمان آصف اور خیام شامل ہیں خیام فائرنگ میں زخمی ہو گیا ہے غیر مصدقہ اطلاع ہے کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

راولاکوٹ جیل سے قیدیوں کے فرار ہونے کے معاملے پر حکومت آزادکشمیر کے مشیر برائے جیل خانہ جات سردار احمد صغیر نے سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی جیلخانہ جات سے قیدیوں کے فرار ہونے کی بابت رپورٹ طلب کر لی ہے.