بہتر مستقبل کیلئے سب کو ملکر کام کرنا چاہیے احسن اقبال

 لاہور(صباح نیوز)منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال نے ملکی ترقی کیلئے استحکام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر مستقبل کیلئے سب کو ملکر کام کرنا چاہیے۔وہ  (ہفتہ) لاہور میں پیغام پاکستان کی گولڈن جوبلی کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔وفاقی وزیر نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اتحاد اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں مسلمانوں نے قرآن مجید کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا پر حکومت کی۔احسن اقبال نے کہا کہ تین دہائی پہلے پاکستان ترقی کے لحاظ سے جنوبی اشیا میں سرفہرست تھا اور اسکے بعد کئی ممالک نے پاکستان کی پالیسیوں کو اپنا کر ترقی کی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بھرپور استعداد سے مالا مال ہے سب کیلئے ضروری ہے کہ وہ معاشرتی ترقی میں کردار ادا کریں۔انہوں نے کہاکہ جڑانوالہ، سرگودھا اور سوات میں رونما ہونے والے واقعات نے عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کو داغدار کیا ہے۔انہوں نے دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں دہشتگردی کی کوئی جگہ نہیں ہے۔احسن اقبال نے علمائے کرام پر زور دیا کہ دہشتگردی کے انسداد اور ملک کی بدنامی کو روکنے کیلئے کردار ادا کریں۔انہوں نے فلسطین میں ہونے والے مظالم کا بھی ذکر کیا اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ ظلم وتشدد کی جاری کارروائیوں کے خلاف اقدامات کریں۔