کراچی (صباح نیوز)الخدمت کمپیوٹر ٹریننگ اینڈ لینگویج سینٹرمیں کروائے جانے والے سی آئی ٹی اور لینگویج کورسز میں گریجویشن کرنے والے قیدی طلبہ کے لیے ملکی تاریخ کا پہلا کانووکیشن منعقد کیا گیا ،جس میں 248قیدی طلبہ میں اسناد جبکہ سی آئی ٹی ،گرافک ڈیزائننگ اور انگلش چائنیز لینگویج کے پوزیشن ہولڈرطلبہ میں25,25ہزار روپے ،اسناد اور تحائف بھی تقسیم کیے گئے ۔تقریب کے مہمان خصوصی وزیر جیل سندھ علی حسن زرداری تھے ،
جبکہ سی ای اوالخدمت نوید علی بیگ، آئی جی جیل خانہ جات سندھ قاضی نذیر احمد ،ڈی آئی جی جیل خانہ جات محمد حسین ستھو، سینئر سپرنٹینڈنٹ جیل عبد الکریم عباسی اور ڈائریکٹر کمیونٹی سروسزقاضی سید صدرالدین نے بھی اظہار خیال کیا۔الخدمت کے سی ای اوجناب نوید علی بیگ نے کراچی سینٹرل جیل میں قیدیوں کو مختلف ہنر سکھانے کے لیے اسکل ڈیولپمنٹ اورووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے قیام کا بھی اعلان کیا۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی ،الخدمت کے دیگر ذمہ داران اور جیل حکام موجود تھے ۔