آئی ایم ایف کی ہدایت پر بجلی گیس مہنگاکرنے والے قوم کے خیر خواہ نہیں ۔ مولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ وفاق کی جانب سے بلوچستان کی ترقی ،فلاح وبہبودکیلئے صرف وعدے اعلانات اور بے عمل بیانات ہیں۔ 50ڈگری کے شدید گرمی میں عوام کا بجلی سے محرومی لمحہ فکریہ ہے۔ آئی ایم ایف کی ہدایات پر بجلی گیس مہنگاکرنے والے قوم کے خیر خواہ نہیں بلوچستان کو معاشی آئینی حقوق دینے اورجابرانہ ظلم وجبر کے خلاف جماعت اسلامی ہر فورم پر جدوجہد کر رہی ہے ۔حکمران اس قوم پر رحم کرتے ہوئے بجلی گیس اور خوردنی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کریں۔ حکمرانوں ،اشرافیہ ،ججزوجرنیل ،ممبران اسمبلی کیلئے مفت بجلی ،مفت گیس ،مفت پٹرول اور مفت خوری ختم کیاجائے اور بجلی ،گیس ٹیکس چوری کاخاتمہ کرکے ہی ہم قوم کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔عوام نان شبینہ کے محتاج اوردیوالیہ جبکہ لٹیرے مالامال ہورہے ہیں لٹیروں کے خلاف نہ عدالت بات کرتی ہے نہ حکمران اور نہ ہی آئی ایم ایف کا کوئی مطالبہ آیا ہے ۔

 انہوں نے کہاکہ عوام کو مفلس ،بھکاری ،ملک کودیوالیہ کرنے والے یہی لٹیرے حکمران ہیں جس کے خلاف ہم نے ہر فورم پر آوازاُٹھانی ہے ۔جماعت اسلامی لٹیروں ،ملک دشمنوں ،آئی ایم ایف کے خلاف کے خلاف ہر فورم پر آوازاُٹھارہی ہے عوام اُٹھ جائے تاکہ غلام حکمرانوں ،اشرافیہ ،مفت خورو ں کی لوٹ مار ، مفت خوری ختم اور عوام کا حقوق وانصاف اور دیانت داراسلامی حکمران میسر ہوجائے ۔قانون پر عمل درآمد نہ ہونے ،بدعنوانی ،ظالم وجبر کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ۔  سخت گرمی میں بجلی کی بیس بیس گھنٹے بدترین لوڈشیڈنگ ،شہر میں قلت آب نے عوام کو پریشان کر رکھاہے حکومت عوام کوسہولت دینے کے بجائے ٹیکسز مہنگائی بڑھا رہی ہے ۔سرمایہ داروں حکومتی نمائندوں پر ٹیکس لگانے کے بجائے غریبوں کو ٹارگٹ بنایاگیا ہے ۔حکومت عوام کو ریلیف دیں عوام کو جائز مسائل کے حل کیلئے احتجاج ودھرنوں پر مجبورنہ کریں ۔  وفاقی حکومت نے اس بجٹ میںعام آدمی کی فلاح و بہود ،پیٹرول ،بجلی سستی کرنے ،روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مہنگائی میں کمی،تعلیم ،صحت اور عوام کوبنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوئی موثر اقدامات نہیںکئے بجٹ میںاشرافیہ کے ناجائز مفادات کا تحفظ کیا گیاہے لوٹ مار ،مفت خوری اور سود ختم کیے بغیر ترقی وخوشحالی ممکن نہیں سود اللہ اوررسولۖ سے کھلی جنگ اور ہماری معیشت کا دشمن ہے اس لیے سودکو فوری ختم کرکے تاکہ معیشت ٹھیک ،اللہ راضی اورقرضے ختم ہوجائے سودی نظام سے نجات میں ہی ترقی وخوشحالی ہے